سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہئے، سراج الحق

جمعرات 10 ستمبر 2015 18:04

اسلام آباد ۔ 10 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہئے۔پاک چین اقتصادی راہداری پر وزیراعظم کے وعدوں کے مطابق عملدرآمد کیا جائے۔ یہ پاکستان کی خوشحالی کا منصوبہ ہے ‘ کرپٹ لوگوں کا احتساب بلاامتیاز کیا جائے‘ دینی مدارس سمیت تمام تعلیمی اداروں کا میٹرک تک نصاب تعلیم یکساں کیا جائے ‘ بھارت کے خلاف عسکری و سیاسی قیادت کا موقف ایک اور پوری قوم اس معاملے پر متفق ہے‘۔

جمعرات کو یہاں سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام مرکزی و صوبائی حکومتوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

عوام ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں کا احتساب کرسکتے ہیں ‘ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں میں مایوسی ہے ان کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اشرافیہ نے حقوق سے محروم لوگوں کو ان کا حق نہ دیا تو وہ عالی شان بنگلوں ‘ کوٹھیوں اور پلازوں کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔

ملکی وسائل کا بچاؤ چند لوگوں کی طرف ہے انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے ‘ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ بھی موجود ہے جذباتی نوجوانوں نے پہاڑوں پر چڑھنے کا راستہ اختیار کرلیا ہے سیکورٹی اداروں سے لڑنے کی بجائے ریاست کے وفادار رہ کر ظلم اور ظالموں کے خلاف لڑائی لڑی جائے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنا چاہئے ‘ بلوچوں کا حق مارنے کی کسی کو حق نہ دیا جائے وزیراعظم نے اقتصادی راہداری کے جس روٹ کا وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا جائے کیونکہ یہ پاکستان کی خوشحالی کا منصوبہ ہے انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے الیکشن کمیشن کے ممبران تبدیل کرنے کے مطالبے پر عملدرآمد سے تبدیلی نہیں آئے گی۔

پورے طریقہ کار کو ازسرنو مرتب کرنے اور پورے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے انہوں نے تجویز دی کہ مدارس سمیت تمام سکولوں کا میٹرک تک نظام تعلیم ایک ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف سیاسی و عسکری قیادت اور پوری قوم کا موقف ایک ہے۔

متعلقہ عنوان :