سپریم کورٹ نے وزیراعظم محمد نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کیس پر اٹارنی جنرل سے جواب طلب کرلیا

عدالت قانون کو مدنظر رکھ کر فیصلہ دے گی ٗ شجاعت عظیم کے استعفے سے متعلق وضاحت دیں ٗ جسٹس ثاقب نثار

جمعرات 10 ستمبر 2015 18:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم محمد نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کیس پر اٹارنی جنرل سے جواب طلب کرلیا ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ وزیراعظم نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران درخواست گزار کا موقف تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے شجاعت عظیم کو مشیر برائے ہوائی بازی مقرر کیا حالانکہ شجاعت عظیم کینیڈین شہری ہیں اور ان کا کورٹ مارشل بھی ہوچکا ہے،عدالت میں معاملہ آنے پر شجاعت عظیم نے استعفے کااعلان کیا مگر آج تک استعفیٰ نہیں دیا۔

اس طرح وزیراعظم نواز شریف توہین عدالت کے مرتکب ہوئے۔جسٹس ثاقب نثار نے درخواست گزار کا موقف سن کر ریمارکس دیئے کہ عدالت قانون کو مدنظر رکھ کر فیصلہ دے گی۔ اٹارنی جنرل وزیراعظم کے معاون خصوصی ہوابازی شجاعت عظیم کے استعفے سے متعلق وضاحت دیں ، کیس کی مزید سماعت اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں ہوگی۔