اس شخص کی عمر کتنی ہوگی؟

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 10 ستمبر 2015 21:19

اس شخص کی عمر کتنی ہوگی؟

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10ستمبر۔2015ء)چین کا نوجوان ایک ایسی بیماری میں مبتلا ہوا ہے جس کے باعث وہ اپنی عمر سے 3 گنا زیادہ بڑا نظر آتاہے۔یوان تائپنگ کا تعلق جنوب مغربی چین کے شہر چونگ کنگ سے ہے۔ اپنی شکل و صورت سے وہ 80 سال کا پنشن پانے والا بوڑھا لگتاہے مگر حقیقت میں اس کی عمر صرف 30 سال ہے۔ یوان پچھلے 10 سالوں میں بہت سے ہسپتالوں میں چکر لگا چکا ہے مگر اس کے باوجود اس کی بیماری کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔

یوان ایک تعمیراتی کمپنی میں منیجر ہے۔ اس نے خود میں ہونے والی تبدیلی کو 10 سال پہلے 20 سال کی عمر میں محسوس کیا۔سب سے پہلے اس کے ہاتھوں اور ٹانگوں پر جھریاں پڑی اور اس کے بعد چہرے پر بھی گہری جھریاں نمودار ہو گئیں۔ شروع میں تو یوان نے سوچا کہ ان جھریوں کی وجہ کام کا بوجھ اور روزمرہ کی پریشانیاں ہیں مگر جب جھریاں سر تک پہنچی تو اس نے ہسپتال جانے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

ہسپتال کے بے تحاشا چکر کاٹنے، پیسہ خرچ کرنے اور کثیر ادویات لینے کے باوجود اس کی حالت میں کوئی فرق نہیں پڑا۔ اس کی اس بیماری نے اس کی روزمرہ کی مشکلات بھی بڑھا دی ہے۔ سب سے بڑی مشکل تو یہ ہے کہ اب اس کی شکل اپنے شناختی کارڈ پر موجودتصویر سے بھی نہیں ملتی۔بنک کا کیشیئر بھی تصویر سے مشابہت نہ ہونے کے باعث مشکل میں پڑجاتا ہے۔ اس صورت حال سے اس کی بیوی ژیانگ چونیان بھی محفوظ نہیں۔

اس نے بتایا کہ جب وہ دونوں باہر جاتے ہیں تو لوگ انہیں گھورتے ہیں۔ لوگ اسے کہتے کہ تم اتنی جوان ہو پھر بوڑھے کے ساتھ کیوں رہ رہی ہو۔ یوان کا ایک بھائی بھی اسی بیماری کا شکار ہوگیاہے ۔ اسے یہ مرض 25 سال کی عمر میں لگا ہے۔ دونوں بھائی ہی نہیں بلکہ ان کے گاؤں کے دو اور افراد بھی اسی مرض میں مبتلا ہو گئے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ مرض موروثی نہیں۔ یوان کے مطابق ماحولیاتی آلودگی بھی اس مرض کی ذمہ دار نہیں۔اس کا کہنا ہے کہ ہمارے علاقے کا ماحول شہروں کی طرح آلودہ نہیں۔ جب تک یوان کی بیماری کی تشخیص ہو کر اس کا علاج نہیں ہوجاتا ، اس کی زندگی مشکلات کا شکار رہے گی۔