زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ‘ اظہر علی ‘ سرفراز اور اسد شفیق کو آرام دینے پر غور

جمعہ 11 ستمبر 2015 12:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء)زمبابوے کے خلاف ایک روزہ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی، نائب کپتان سرفراز احمد اور بلے باز اسد شفیق کو آرام کرانے پر غور شروع کر دیا ذرائع کے مطابق زمبابوے کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کے انتخاب کیلئے قومی سلیکشن کمیٹی اور کوچ وقار یونس نے مشاورت شروع کردی ہے تاہم ٹیم کے انتخاب میں کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے سے قبل ٹی ٹوئنٹی قائد شاہد آفریدی کا انتظار کیا جانے لگا اظہر علی، سرفراز احمد اور اسد شفیق فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے ہیں اور ان کی وطن واپسی 25 یا 26 ستمبر کو ہو گی ‘ قومی ٹیم کو 24 ستمبر کو ہرارے روانہ ہونا ہے جہاں وہ تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچوں ہپر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم مینجمنٹ انگلینڈ کے خلاف اکتوبر میں مشکل سیریز کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کھلاڑیوں کو آرام دینے پر غور کر رہی ہے۔میڈیا ر پورٹ کے مطابق چیف سلیکٹر ہارون رشید، کوچ وقار اور سلیکشن کمیٹی کے اراکین اس بات پر متفق ہیں کہ تینوں کو جلد بازی میں زمبابوے بھیجنے کا فیصلہ خطرے سے خالی نہیں ہو گا کیونکہ حج سے واپسی پر ہرارے کی طویل فلائٹ کے فوراً بعد اوپر تلے میچز کھیلنا کھلاڑیوں کی فٹنس پر اثرانداز ہو سکتا ہے جس سے ان کی مشکلات میں اضافے کاخدشہ ہے۔

اس سلسلے میں پی سی بی نے فیصلہ تینوں کھلاڑیوں پر چھوڑ دیا ہے اور اظہر علی جلد اس بارے میں بورڈ کو آگاہ کریں گے۔اگر اظہر اور سرفراز دونوں کو آرام کا موقع فراہم کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں قیادت کا تاج تجربہ کار یونس خان کے سر سج سکتا ہے۔