سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم کئے جانے پر ناصر جمشید کا ڈومیسٹک ٹی 20میں پی سی بی کو کرارا جواب

جمعہ 11 ستمبر 2015 13:10

سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم کئے جانے پر ناصر جمشید کا ڈومیسٹک ٹی 20میں پی ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء) سینٹرل کنٹریکٹ میں ناصر جمشید کا نام شامل نہ کرنے پر قومی بلے باز نے ڈومیسٹک ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں سنچری بنا کر پی سی بی کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ راولپنڈی میں کھیلے جا رہے ہائر موبائل ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کیگروپ اے کے میچ میں راولپنڈی ریجن نے ناصر جمشید کی عمدہ سنچری کی بدولت کراچی ریجن کو 14 رنز سے شکست دے دی ہے۔

راولپنڈی ریجن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی ریجن کو جیتنے کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا تھا اور اس کے جواب میں کراچی ریجن مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان 191 رنز بنا سکا۔ کراچی ریجن کی جانب سے رمیز راجہ 48 گیندوں پر 77 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ اس کے علاوہ احسان علی نے 37 اور فیصل اقبال نے29 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی ریجن کی جانب سے محمد عامر نے چار اوورز میں 21 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

ناصر جمشید نے راولپنڈی ریجن کی جانب سے کھیلتے ہوئے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور صرف 57 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ وہ 61 گیندوں پر دو چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 104 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔ ان کا ساتھ دینے والے دوسرے نوجوان کھلاڑی عمر امین نے بھی اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی۔ وہ 32 گیندوں پر 52 رنز بنا کر بابر رحمان کی گیند پر آوٴٹ ہوئے۔

راولپنڈی ریجن نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے کراچی ریجن نے ٹاس جیت کر راولپنڈی ریجن کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ ناصر جمشید اس سے قبل بہاولپور ریجن کے خلاف بھی نصف سنچری سکور کر چکے ہیں۔ انھوں نے بہاولپور ریجن کے خلاف 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ جمعرات کو ہی کھیلے گئے ایک اور میچ میں پشاور ریجن نے اسلام آباد ریجن کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اسلام آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور کو 182 رنز کا ہدف دیا تھا جو پشاور نے 18 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔