پاکستان سپر لیگ ، فرنچائز کو ٹیم پر 10لاکھ ڈالر خرچ کرنے کی اجازت ہوگی

جمعہ 11 ستمبر 2015 16:39

پاکستان سپر لیگ ، فرنچائز کو ٹیم پر 10لاکھ ڈالر خرچ کرنے کی اجازت ہوگی

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار11ستمبر ۔2015ء ) پاکستان سپر لیگ میں فرنچائز کے لئے تین کٹیگریز میں غیر ملکی اور ملکی کھلاڑیوں کے انتخاب پاکستان کرکٹ بورڈ کریگا جبکہ چوتھے درجے کے مقامی کرکٹرز ٹیمیں خود منتخب کریں گی ۔ ہر ٹیم ایک سیزن کے لئے دس لاکھ ڈالرز خرچ کرسکتی ہے تاہم ایک کھلاڑی کیلئے زیادہ سے زیادہ معاوضہ ڈیڑھ لاکھ ڈالرز مقرر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے ایلیٹ پینل کے امپائر علیم ڈار، احسن رضا، شوذب رضا، اور احمد شہاب سمیت غیر ملکی امپائروں اور میچ ریفریز کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔ پاکستانی کیوریٹر حاجی بشیر چار ماہ دوحا میں قیام کریں گے۔ وہ سٹیڈیم میں وکٹوں کا سکوائر اور باہر پریکٹس پچیں تیار کریں گے۔ سپر لیگ چار سے 24فروری تک قطر کے دارالحکومت دوحا میں منعقد ہوگی۔

(جاری ہے)

اس دوران پانچ ٹیموں کے درمیان24میچز کھیلےجائیں گے۔ انعامی رقم 10لاکھ ڈالرز بتائی گئی ہے۔ تمام میچز دوحا میں موجود ایک ہی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ڈائمنڈ، پلاٹینم اور گولڈ کیٹیگری کے لئے ہر ٹیم کے لئے کرکٹرز کا انتخاب کریگا ۔ پی سی بی کیون پیٹرسن، اے بی ڈی ویلیئرز اور کرس گیل اور دیگر مشہور کھلاڑیوں کو چھ سات میچوں کے لئے ڈیڑھ لاکھ ڈالرز میں ٹورنامنٹ میں لانے کیلیے پر امید ہے جبکہ ہر ٹیم میں توازن برقرار رکھنے کے لئے 4 سے 5 مشہور، 3 سے 4 اوسط درجے کے اور 5 باصلاحیت مقامی کھلاڑی شامل ہوں گے۔ ایک ٹیم کو تمام کھلاڑیوں کی خدمات 10 لاکھ ڈالرز میں حاصل کرنا ہوں گی ۔

متعلقہ عنوان :