کھلونا کاروں کے ساتھ نیا ایڈونچر

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعہ 11 ستمبر 2015 23:24

کھلونا کاروں کے ساتھ نیا ایڈونچر

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11ستمبر۔2015ء)گڈوڈ ریوائیول(Goodwood Revival) ایک تین روزہ فیسٹیول ہے جو ہر سال ستمبر میں گڈ وڈ سرکٹ برطانیہ میں منعقد ہوتا ہے۔یہ فیسٹیول 1998 سے منعقد ہورہا ہے۔کار اور موٹر سائیکل ریس کے اس فیسٹیول میں 1948 سے 1966 کے دوران بنی کاریں اور موٹر سائیکل حصہ لیتی ہیں۔حصہ لینے والے اکثر لوگ کپڑے بھی 50 اور 60 کی د'ہائی کے پہنتے ہیں۔

کم لیوینبرگر جمعے سے شروع ہونے والی گڈوڈ ریوائیول ریس کی کوریج کر رہی ہے۔ اس کوریج کے دوران اس نے جہاں دنیا کی قیمتی ترین گاڑیوں کی تصاویر بنائی ہیں، وہیں اس نے مختلف پس منظر میں چھوٹی کھلونا کاروں کی تصاویر بھی بنائی ہیں۔ کھلونا کاروں کی یہ تصاویر ٹریولنگ کارز کی اس سیریز کا تسلسل ہے جو کم نے چار سال پہلے شروع کی تھی۔

(جاری ہے)

چار سال پہلے سالگر ہ پر کم کو ایک کیمرہ تحفے میں ملا تو کم نے اپنی کھلونا کاروں کی تصاویر بنانا شروع کر دیں۔

ان تصاویر میں ایک نیلے رنگ کی وین کی تصویر بھی ہے۔یہ تصاویر اس پراجیکٹ کا حصہ ہیں جو انسٹاگرام پر آٹزم سے آگاہی کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ کم نے بتایا کہ انسٹاگرام پر تصاویر پوسٹ کرنے کافیڈ بیک کافی اچھا رہا۔میں جہاں کا بھی سفر کرتی نیلی وین کو ساتھ لے جاتی۔اس کے بعد میں نے مزید کاریں خریدنا شروع کر دیں۔ کم نے اٹلی کے شہر تسکانی سے سرخ ویسپا خریدا اورکاتالونیا، سپین سے پیلی بیٹل خریدی۔

اس کے بعد اس نے ٹریونگ کار کا پراجیکٹ شروع کر دیا۔ اس وقت کم کے ”کھلونا شوروم“ میں 50 سے زیادہ ماڈل کی کاریں ہیں۔ان کاروں کو دنیا کے 15 ممالک سے خریدا گیا ہے۔ کم کا کہنا ہے کہ یہ سب میں اپنی خوشی کے لیے کرتی ہوں، مجھے سفرکرنا اچھا لگتا ہے اور اسی دوران میں اپنے کیمرے سے تخلیقی کام کرکرتی ہوں۔کم کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے جو ڈیزائن میں چنتی ہوں وہ ہمیں خوبصورت ماضی کی یاد لاتے ہیں۔

کم کا کہنا ہے کہ میں لوگوں کو اس بات کا یقین دلانا نہیں چاہتی کہ یہ کاریں حقیقی ہیں، بلکہ میں چاہتی ہوں کہ لوگ مسکرائیں، ایک قسم کے سفر سے محظوظ ہوں اور اپنے دماغ کو نئی طرح کے ایڈونچر کے لیے کھلا رکھیں۔کم نے بتایا کہ ایک دفعہ پانی کے ساتھ تصویر لیتے ہوئے پانی کی ایک لہر آئی اور اس کی کار کو بہا کر لے گئی۔ کم کے کام کو بہت سی کمپنیوں نے استعمال کیا ہے۔

کم نے اولمپس (Olympus)کمپنی کے لیے انسٹاگرام کے صارفین کے ساتھ سکاٹ لینڈ کا سفر بھی کیا تھا اور آج کل لیکا (Leica) کے لیے گڈ وڈ ریوائیول کی کوریج کر رہی ہے۔ اس نے محکمہ سیاحت کےعلاوہ دوسری کمپنیوں کے لیے بھی کام کیا ہے۔ کم نے بتایا کہ حال ہی میں وہ ایمیلیا روماگنا، شمالی اٹلی سے واپس آئی ہے، جہاں اس نے کھلونا کاروں کی کئی تصاویر لیں۔کم کا کہنا ہے کہ لوگ مجھے اس طرح دیکھتے ہیں، جیسے میں پاگل ہوں۔ کم کے کیے ہوئے کام کو اس کی ویب سائٹ www.kimleuenberger.com پر دیکھا جا سکتا ہے۔