اسلام آباد میں سیکورٹی فورسز و حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی، دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

ہفتہ 12 ستمبر 2015 11:42

اسلام آباد میں سیکورٹی فورسز و حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی، دہشت ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکورٹی فورسز اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ۔ جدید اسلحے سمیت بڑی تعداد میں منشیات برآمد کر کے 6 دہشتگردوں کو گرفتار اور سرچ آپریشن کے دوران 64 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز اسلام آباد میں تھانہ ترنول کی حدود میں پولیس ، رینجرز اور حساس اداروں کی ایک خفیہ اطلاع پر ایک گھر میں چھاپہ مارا جس میں گھر سے شراب بنانے والی فیکٹری سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ۔

کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے گھر سے دو ایس ایم جیز ، رائفلیں ، کلاشنکوف ، 19 تیس بور کے پستول ، 6 ڈیٹو نیٹرز سمیت 45 ہتھیار برآمد کر لئے جبکہ اس کے علاوہ 1500 میٹر تاریں اور بارود سے بھرا ڈرم بھی برآمد کر لیا گیا جس میں 190 کلو گرام بارودی مواد موجود تھا ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے گھر سے شراب بنانے والی فیکٹری بھی پکڑ لی جبکہ 200 سے زائد شراب کی بوتلیں اور چرس بھی برآمد کر لی ہے۔

کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے 6 افراد کو مبینہ دہشت گردی اور سرچ آپریشن میں 64 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔ سیکورٹی فورسز کے مطابق گرفتار 6 دہشتگردوں کا تعلق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے ہے جن میں سوات اور پشاور شامل ہیں ۔ دہشت گرد وفاقی دارالحکومت میں دہشتگردی کی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے جس کو بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا ہے جبکہ تفتیش کے دوران مزید اہم انکشاف کی بھی توقع ہے ۔

متعلقہ عنوان :