صدر پی ایچ ایف بریگیڈیئر (ر) خالد کھوکھر نے جعلی ہاکی کلبز پر ضرب لگانے پر غور شروع کردیا

ہفتہ 12 ستمبر 2015 15:26

صدر پی ایچ ایف بریگیڈیئر (ر) خالد کھوکھر نے جعلی ہاکی کلبز پر ضرب لگانے ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار12ستمبر ۔2015ء ) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے ڈھانچے میں تبدیلی پر غور شروع کردیا ہے جس کا مقصد ملک میں اس کھیل کو نئے سرے ترقی دینا ہے ۔ کھیل کے حقیقی معنوں میں فروغ اور انتہائی نچلے لیول سے کھلاڑیوں کی تلاش کیلیے جعلی کلبزپر ضرب لگانے کی بھی پلاننگ ہورہی ہے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام ڈومیسٹک ہاکی کے موجودہ ڈھانچے سے مطمئن نہیں ہیں اور اسے بہتر انداز میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ، اس حوالے سے جلد ہی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد کھوکھر ملک کے نامور سابق ہاکی اولمپئینز سے بھی ملاقات شروع کریں گے اور ان سے ڈومیسٹک ڈھانچے کے علاوہ قومی سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کو مضبوط بنانے کے بارے میں مشاورت کریں گے ۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق پی ایچ ایف کے حکام صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنوں کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں، پی ایچ ایف کے حکام ملک میں موجود جعلی ہاکی کلبوں کو کھیل کی راہ میں بڑی رکاوٹ تصور کررہے ہیں اور ان کلبوں کے خلاف کارروائی کا بھی سوچ رہے ہیں، پی ایچ ایف نے صوبائی ایسوسی ایشنز کی کارکردگی کو سختی سے مانیٹر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جبکہ ملک میں موجود پی ایچ ایف ہاکی اکیڈمیز کی تعداد میں بھی کمی کی جائے گی اور ان میں سابق ہاکی اولمپئن کوچز کی تقرری عمل میں لائی جائےگی ، پی ایچ ایف اس کے علاوہ ملک میں بعض سابق ہاکی کھلاڑیوں کی جانب سے قائم اکیڈمیز سے بھی ملک میں نئے اور باصلاحیت ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے مدد حاصل کرے گی تاکہ ہاکی میں کھلاڑیوں کے حوالے سے بحران کو دور کیا جاسکے ۔