جہلم میں ڈینگی سپرے سے 135 طالبات بے ہوش، سکول پرنسپل، چپڑاسی اور سپرے کرنے والے گرفتار ،وزیراعلیٰ پنجاب کاسخت نوٹس

ڈی سی او، ای ڈی او ہیلتھ،ای ڈی او ایجوکیشن اور ٹی ایم او جہلم کو معطل ، سکولوں میں سپرے پر پابندی عائد سکول پرنسپل نے اپنے طور پر سپرے کر ایا ،ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،مشیر وزیراعلیٰ پنجاب سلمان رفیق کی متاثرہ بچیوں کی عیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 12 ستمبر 2015 20:10

جہلم میں ڈینگی سپرے سے 135 طالبات بے ہوش، سکول پرنسپل، چپڑاسی اور سپرے ..

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) جہلم میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈومیلی سوہاوہ میں سکول کے اوقات میں ڈینگی سپرے کرنے سے 135 طالبات بے ہوش ہوگئیں، سکول کے پرنسپل، چپڑاسی اور سپرے کرنے والے نجی کمپنی کے دو ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا،وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے کرڈی سی او، ای ڈی او ہیلتھ،ای ڈی او ایجوکیشن اور ٹی ایم اوجہلم کو معطل کرکے سکولوں میں سپرے پر پابندی عائد کر دی۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈومیلی سوہاوہ میں سکول کے اوقات میں ڈینگی سپرے کرنے سے 135 طالبات بے ہوش ہوگئیں،بے ہوش ہونے والی طالبات کو ڈسٹرکٹ ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا جبکہ چھٹی کرکے گھر جانے والی طالبات میں سے بھی اکثریت کو طبیعت کی خرابی کے باعث ہسپتال واپس لایاگیا۔

(جاری ہے)

بعض ذرائع کے مطابق 70بچیوں کو بنیادی مرکز صحت ڈومیلی پہنچایا گیاجن میں سے 38بچیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم پہنچایاگیا،واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی سی او جہلم ذوالفقار احمد گھمن،ڈی پی او جہلم مجاہد اکبر خان ڈومیلی پہنچ گئے ہیڈمسٹریس سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا،صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد،سیکرٹری ہیلتھ ،سیکرٹری صحت خضر حیات گوندل،مشیر وزیراعلیٰ پنجاب خواجہ سلیمان رفیق نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں ڈی سی اوجہلم ذوالفقار احمد گھمن ،ڈی پی او جہلم مجاہد اکبر خان اور محکمہ صحت کے افسران کے ہمراہ پہنچے،ممبر قومی اسمبلی نگہت پروین میر ،ایم پی اے مہر فیاض،ایم پی اے چوہدری لال حسین،سابق ایم پی اے چوہدری ثقلین اور مقامی مسلم لیگی قیادت نے ہسپتال میں دورہ کیا۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں سپرے سے متاثرہ بچیوں کی عیادت کی،اس موقع پر خواجہ سلیمان رفیق نے کہا کہ ہیڈمسٹریس کی غلطی کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیاواقعہ کی انکوائری ہو گئی اور اس کوتاہی شامل افراد کے خلاف قانونی کاروائی کی جائیگی،گرفتار ہونے والوں میں نساء اختر دختر تاج خان ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول ڈومیلی،چوکیدار شیراز احمد ولد محمدمشتاق،دوکاندار شیخ محمد عرفان ولد عبدالرحمن کریانہ سٹور جہاں سے اسپر ے خریدا گیا،اس کا معاون ساتھی زبیر احمد اور ادویات لانے والا ذوالفقار ولد نور محمد کو پولیس تھانہ ڈومیلی نے گرفتارکر لیا،،ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں لائی جانے والی متاثرہ بچیوں میں ہما بی بی دختر محمد نذیر سکنہ رسیلہ،انیلہ ظفر دختر ظفر اقبال سکنہ رسیلہ،ثناء رشید دختر محمد رشید ،نگینہ دختر عبدالعزیز سکنہ بگوالہ،مقدس جاوید دختر جاوید اقبال ،جویرادختر محمد زمان ،ماریہ دختر برکت سکنہ ڈومیلی،نگینہ کوثر دختر منیر ،مصباح دختر کامران ،افشاں دختر ساجد،سدرہ دختر عارف،خیرالنسا ء دختر شبیر حسین،جویرا حبیب دختر محمدحبیب ڈومیلی،عید النساء دختر فاروق،فرح ظفر دختر ظفر اقبال سکنہ کلرہ،انعم شہزاد دختر شہزاد محمود،مریم دختر اسلم،فائزہ دختر رحیم،سدرہ عمر ،سمیرا نزاکت،عتیقہ،لائبہ،سمیرا دختر صفدر،نمرا دختر شوکت حسین،اقراء دختر شبیر حسین،صبا دختر صادق،افشاں دختر صفدر،جویرا دختر اعظم،انیلہ دختر صدیق،ماریہ دختر بشیر،حاجرہ دختر جاوید،علیشہ دختر جاوید،زریں دختر ارشد محمود،روبینہ محبوب ،مریم دختر اختر،ہماء نوید دختر نوید،عروج فائزہ دختر غازی،تسلیم دختر امجد علی شامل ہیں،جن کو بنیادی مرکز صحت ڈومیلی میں بھی فوری طبی امداد فراہم کی گئیں بعدازاں زیادہ متاثرہ بچیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم لایاگیا جہاں پر ان کو فوری طبی امداد فراہم کی گئیں،متاثرہ بچیوں کی جان بچانے میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں سنٹرل آکسیجن سسٹم کا بھی بڑا عمل دخل ہے۔

وزیرا علی پنجاب شہبا زشریف نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈومیلی سوہاوہ میں ڈینگی سپرے سے135 طالبات کے بیہوش ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او ،ای اڈی او ہیلتھ ،ای ڈی اوایجوکیشن اور ٹی ایم اوجہلم کومعطل کر کے سکولوں میں سپرے پر پابندی لگا دی ہے۔ جبکہ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور وزارت صحت سے رپورٹ بھی طلب کرلی ۔دوسری طرف ادھر سکول کی پرنسپل ،چپڑاسی اورسپرے کرنیوالے 2افرادکوگرفتار کرلیا گیاہے۔

وزیراعلی شہباز شریف نے بغیر حفاظتی انتظامات کے سپرے کرنے کی تحقیقات کاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ میں غفلت کے ذمہ داربچ نہیں سکیں گے۔واقعہ کی مکمل اور جامع انکوائری کرائی جائیگی۔ذرائع کے مطابق وزیرا علی شہباز شریف نے ڈینگی سپرے کے لیبارٹری سے چیک کرانے کا بھی حکم دیدیاہے۔وزیر اعلیٰ کے مشیر صحت سلمان رفیق نے کہاکہ سکول کی پرنسپل نے اپنے طور پر سپرے کر ایا ۔ معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں،ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔