چیف جسٹس کا میرٹ کی بالادستی اور اقربا پروری کی حوصلہ شکنی کے عزم کا اظہار

عدالتی افسران کسی قیمت پر غیر قانونی احکامات نہ مانیں اور قانون و میرٹ کے مطابق کام کریں ٗ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی

ہفتہ 12 ستمبر 2015 21:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس انور ظہیر جمالی نے میرٹ کی بالادستی اور اقربا پروری کی حوصلہ شکنی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی افسران کسی قیمت پر غیر قانونی احکامات نہ مانیں اور قانون و میرٹ کے مطابق کام کریں ۔ہفتہ کو یہاں سپریم کورٹ کے افسران اور عملہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عدالت میں بہترین کار کر دگی کا مظاہرہ کر نے والا میرے نزدیک سب سے اہم ہے اپنے فرائض عزم ٗ لگن اور ایمانداری سے ادا کریں ۔

(جاری ہے)

غیر قانونی احکامات کو ہرگز تسلیم نہ کیا جائے اور میرٹ کے مطابق کام کریں ۔انہوں نے کہاکہ ادارے کی ساکھ اور وقار کا تعلق عملے کی کار کر دگی سے ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالتی عملہ بہتر انداز میں فرائض سر انجام دیگا ۔چیف جسٹس نے کہاکہ بہتر کار کر دگی کا مظاہرہ کر نے والوں کیلئے اقدامات کئے جائینگے ۔قبل ازیں رجسٹرار سپریم کورٹ طاہر شہباز نے اپنی اور عملے کی طرف سے چیف جسٹس کا خیر مقدم کیا عملے نے جسٹس انور ظہیر جمالی کو یہ عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور یقین دلایا کہ وہ انصاف کی فراہمی کیلئے بڑھ چڑھ کر کام کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :