بلدیاتی انتخابات ٗ پہلے مرحلہ کیلئے امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع

ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 22 ستمبر تک جمع کرائی جا سکیں گی

ہفتہ 12 ستمبر 2015 21:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ کیلئے امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل ہفتہ کو شروع ہو گیا جو 17 ستمبر تک جاری رہے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران کی جانب سے دونوں صوبوں کے 20 اضلاع میں جمع کرائے گئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال شروع ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 22 ستمبر تک جمع کرائی جا سکیں گی۔ کاغذات نامزدگی یکم اکتوبر کو واپس لئے جا سکیں گے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 2 اکتوبر کو جاری کی جائے گی جبکہ پولنگ 31 اکتوبر کو ہو گی۔ پنجاب میں لودھراں، وہاڑی، اوکاڑہ، پاک پتن، بہاولپور، فیصل آباد، بھکر، لاہور ، قصور، ننکانہ صاحب، گجرات اور چکوال جبکہ سندھ میں خیر پور، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، شکار پور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد اور کشمور میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :