Live Updates

لیاری سے تعلق رکھنے والے سماجی رہنما غلام نبی آفشاری کی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

ہفتہ 12 ستمبر 2015 21:07

لیاری سے تعلق رکھنے والے سماجی رہنما غلام نبی آفشاری کی ساتھیوں سمیت ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے آرگنائزر و رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ میں حکمران ٹولے کے اربوں روپے کی کرپشن نے ملک کی بنیادیں ہلاکر رکھ دیں ہیں۔ سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی ہر طرف لوٹ مار اور اقرباء پروری کا بازار گرم ہے۔ کرپٹ حکمرانوں اور بیوروکریسی کا کڑا احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر واقع ڈیفنس میں لیاری کے علاقہ بغدادی یونین کونسل 7 سے تعلق رکھنے والے سماجی رہنما غلام نبی آفشاری کی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر تحریک انصاف ضلع ساؤتھ کے رہنما حاجی اصغر ، حبیب اﷲ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

خرم شیر زمان نے مزیدکہا کہ لیاری کے عوام پیپلز پارٹی کے کھوکھلے نعروں سے مزید بے وقوف نہیں بنیں گے۔

ماضی میں لیاری کو پیرس بنانے کے دعوے کرنے والے حکمرانوں نے لیاری کے نوجوانوں کو آپس میں دست گریبان کیا۔ لیاری کے امن کو تباہ و برباد کرنے کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے۔ لیاری محب وطن اور پر امن شہریوں کا علاقہ ہے ۔ مفاد پرست اور نا اہل قیادت نے اپنے مفادات کے حصول کے لئے لیاری کے عوام سے ہمیشہ ووٹ لے کر اقتدار میں پہنچنے کے بعد پیچھے مڑ کر بھی نہیں دیکھا۔

تحریک انصاف کی سیاست زبان اور مسلک سے بالاتر ہو کر پر امن کراچی کے لئے ہے۔ اس موقع پر غلام بنی آفشاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کئی دہائیوں سے لیاری کی عوا م کو دھوکہ دیا ۔لیاری کے نوجوان تعلیم اور روزگار کے حصول کے لئے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ جس طرح پورے پاکستان کے نوجوان تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں اسی طرح لیاری کے نوجوان بھی اپنے مستقبل کی ترقی اور خوشحالی کے لئے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ چیئر مین عمران خان کے نظریہ اور پیغام کو لیاری کی گلی گلی اور گھر گھر پہنچانے کے لئے لیاری کے نوجوان تحریک انصاف کے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات