لیگی دھڑوں نے عید الاضحی کے بعد متحد ہونے کا عندیہ دیدیا ،قرارداد کی منظوری کے ذریعے اعلان کیا جائیگا

اتحاد کا مقصد صرف قائد ؒ کے افکار کے مطابق جماعت کا قیام ہے جس پر کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا‘ اجلاس میں فیصلہ سربراہ ،منشور سمیت دیگر معاملات لیگی دھڑوں کے اتحاد کے باضابطہ اعلان کے بعد طے کئے جائیں گے،اتحاد کی کاوشوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے رابطوں میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ ، آئندہ عام انتخابات میں تمام لیگی دھڑوں کے اتحاد کے عزم کا اعادہ،اجلاس میں چوہدری شجاعت ،ذوالفقار کھوسہ ،حامد ناصر چٹھہ ،غوث علی شاہ ،سردار عتیق اورسردار دوست محمد کھوسہ سمیت دیگر کی شرکت

ہفتہ 12 ستمبر 2015 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) (ن) لیگ کے سوا دیگر لیگی دھڑوں نے عید الاضحی کے بعد متحد ہونے کا عندیہ دیدیا ، اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ عید الاضحی کے بعد منعقدہ اجلاس میں قرارداد کی منظوری کے ذریعے لیگوں کے اتحاد کا اعلان کیا جائے گا اتحاد کا مقصد صرف قائد ؒ کے افکار کے مطابق جماعت کا قیام ہے جس پر کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، سربراہ ،منشور سمیت دیگر معاملات لیگی دھڑوں کے اتحاد کے باضابطہ اعلان کے بعد طے کئے جائیں گے،اتحاد کی کاوشوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے رابطوں میں مزید تیزی لانے کا بھی فیصلہ کیاگیا ۔

ہفتہ کو لیگی دھڑوں کے اتحاد کے سلسلہ میں اہم اجلاس ڈیفنس میں بزرگ رہنما سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ،حامد ناصر چٹھہ ،سندھ سے بزرگ لیگی رہنما سید غوث علی شاہ ،آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے سردار عتیق احمد،سردار دوست محمد کھوسہ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس میں لیگی دھڑوں کے اتحاد کے لئے کاوشوں کو عملی جامہ پہنانے ، اس سلسلہ میں رابطوں اور آئندہ کی سر گرمیوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لیگی دھڑوں کے اتحاد کا مقصد صرف قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے افکار کے مطابق ایک جماعت کا قیام ہے جس پر کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ سربراہ ،منشور سمیت دیگر معاملات لیگی دھڑوں کے اتحاد کے باضابطہ اعلان کے بعد طے کئے جائیں گے ۔

اجلاس میں لیگی دھڑوں کے اتحاد کی کاوشوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے رابطوں میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آئندہ انتخابات میں تمام لیگی دھڑے ایک ہوں گے ۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا مقصد قائد اعظم کے افکار کے مطابق مسلم لیگ کا قیام ہے اور ا ب مسلم لیگ سے پ، ت ،ٹ سب ہٹانا ہوگا اور اس کے لئے عملی کاوشیں شروع کر دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ ہم سب مل کر حکومت کے کاموں پر نظر رکھیں۔ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ہی ملک کے تمام مسائل کو حل کر سکتی ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ انشا اﷲ آئندہ عام انتخابات میں تمام لیگی دھڑے ایک ہوں گے ۔سید غوث علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ نو ماہ سے لیگی دھڑوں کے اتحاد کے لئے کوششیں کر رہے ہیں اور اس میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے ۔

پاکستان بنانے والی جماعت کو ایک کرنا ہمارا نصب العین ہے ۔ عید الاضحی کے بعد اتحاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ سامنے آ جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہم پاکستان کی خالق جماعت کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں ۔حامد ناصر چٹھہ نے کہا کہ تمام لیگی دھڑوں کی طر ف سے ایک ہونے کا عندیہ دیا جارہا ہے ۔ جلد ہی تمام لیگی دھڑوں کے اتحاد کا اعلان ہو جائے گا ۔

عید الاضحی کے بعد منعقدہ اجلاس میں اس بارے میں قرارداد منظور کی جائے گی۔ فنکشنل لیگ کے کسی رہنما کے شرکت نہ کرنے بارے سوال کے جواب میں کہا گیا کہ آئندہ اجلاس میں ان کا نمائندہ بھی شریک ہو گا۔سردار عتیق احمد نے کہا کہ متحدہ مسلم لیگ ہی ملک میں پیدا ہونے والے خلاء کو پر کر سکتی ہے ۔ عید الاضحی کے بعد نئی مسلم لیگ کو قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں تشکیل دیا جائے گا ۔

سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ میں اپنی رہائشگاہ پر آنے والے تمام رہنماؤں کا بیحد شکر گزار ہوں ۔ ہمارا ٹارگٹ اور منزل ایک ہے ۔ منشور اور دیگر معاملات ابھی طے کرنا باقی ہیں ۔ سربراہ کا تعین بھی بعد کی بات ہے ہمارا مقصد صرف اس مسلم لیگ کا قیام ہے جو قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں ملک کے مسائل کو حل کرے ۔ انہوں نے کہا کہ شاید بلدیاتی انتخابات میں متحدہ طو رپر حصہ نہ لے سکیں لیکن عام انتخابات میں اسی پلیٹ فارم سے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ حکمران جماعت مسلم لیگ نہیں بلکہ مسلم لیگ نواز ہے ۔ ان کے رویے کی وجہ سے نظریاتی کارکن منظر سے غائب ہیں اور انہیں نمائندگی نہیں دی جارہی ۔