گزشتہ نو ماہ سے باﺅلنگ ایکشن بہتر بنا رہا ہوں ، محمد حفیظ

ہفتہ 12 ستمبر 2015 22:38

گزشتہ نو ماہ سے باﺅلنگ ایکشن بہتر بنا رہا ہوں ، محمد حفیظ

راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار12ستمبر ۔2015ء ) پاکستانی آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے غیر ملکی میڈیا کی ان رپورٹس کو مسترد کردیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ قومی ٹی ٹونٹی کپ میں اپنے ایکشن میں تبدیلی لائے بغیر باﺅلنگ کررہے ہیں ۔ اپنے ایک ٹوئیٹ میں محمد حفیظ نے کہا کہ وہ گزشتہ نو ماہ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچز کی مدد سے اپنے باﺅلنگ ایکشن کو بہتر بنانے کا کام کررہے ہیں ۔

یاد رہے کہ ایک کرکٹ ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ 34 سالہ پاکستانی آل راﺅنڈر اپنے ایکشن کو درست کرنے پر کام نہیں کررہے ہیں ۔ 44 ٹیسٹ، 166 ون ڈے اور 64 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کے لیے کھیل چکے محمد حفیظ کا باﺅلنگ ایکشن نومبر 2014ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظبہی میں پہلے ٹیسٹ کے دوران رپورٹ ہوا تھا اور آزاد تجزیے کے بعد انہیں باﺅلنگ کرنے سے روکدیا گیا ۔

(جاری ہے)

آل راونڈر کو اپریل 2015ء میں باﺅلنگ کے لیے کلیئر قرار دیا گیا مگر رواں برس جولائی میں ان کا باولنگ ایکشن ایک بار پھر سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کے دوران رپورٹ ہوا جس کے بعد آئی سی سی نے ایک سال کیلیے بین الاقوامی سطح پر آل راﺅنڈر کی باﺅلنگ پر پابندی عائد کردی تاہم انہیں ڈومیسٹک میچز میں باﺅلنگ کرنے کی اجازت دی گئی اور اسکے لیے پی سی بی سے اجات لینا ضروری قرار دیا گیا ۔

محمد حفیظ نے اس حوالے سے غلط رپورٹ شائع کرنے والے صحافی کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا بھی اعلان کیا ہے۔