حلقے کی عوام کے بھروسے پر ضمنی الیکشن میں چھلانگ لگائی ہے ‘ سردار ایازصادق

ہمارے مخالفین نے دھرنا دینا اپنا منشوربنا لیا ہے ،ناچ گانے سے کوئی وزیر اعظم نہیں بن سکتا

ہفتہ 12 ستمبر 2015 22:55

حلقے کی عوام کے بھروسے پر ضمنی الیکشن میں چھلانگ لگائی ہے ‘ سردار ایازصادق

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے حلقہ این اے 122سے امیدوار سردارایاز صادق نے کہا ہے کہ میں نے حلقے کی عوام کے بھروسے پر ضمنی الیکشن میں چھلانگ لگائی ہے ، میری ٹربیونل کے جج سے کوئی عداوت نہیں لیکن ہو سکتا شاید ان کی میرے ساتھ کوئی عداوت ہو ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے رحمان پورہ میں انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر چوہدری اختر رسول اور حافظ نعمان بھی موجود تھے ۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ قیادت کے مشورے کے بعد ضمنی الیکشن میں جانے کا فیصلہ کیا اور انشا اﷲ 11اکتوبر کو مسلم لیگ (ن) دوبارہ سرخرو ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اس وقت بھی کامیابی حاصل کی تھی جب مشرف کے دور میں ہمیں انتخابی دفتر کھولنے کی بھی اجازت نہیں تھی۔

(جاری ہے)

2013ء میں ناچنے ، گانے والے اس حلقے سے ہار گئے ۔

ناچ ، گانوں سے کوئی وزیر اعظم نہیں بن سکتا ۔ ہمارے مخالفین نے دھرنا دینا اپنا منشوربنا لیا ہے ۔دھرنے کیوجہ سے جب چین کے وزیر اعظم چھ ماہ کی تاخیر سے پاکستان آئے تو انہوں نے مجھے ذاتی طور پر کہا کہ اگر میں چھ ماہ قبل پاکستان آجاتا تو بہت سے منصوبے شروع ہو جاتے ۔ عمران خان بتائیں اب چھ ماہ کی تاخیر کا ذمہ دار کون ہے ؟۔ چین سے گوادر 1500کلو میٹر دور ہے اور پی ٹی آئی والوں کی کوشش ہے کہ چینی یہاں سے چلے جائیں اگر چینی یہاں سے چلے گئے تو پھر یہاں ں کوئی نہیں آئے گا۔

پی ٹی آئی والے ایک مخصوص ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں لیکن ان کے مقاصد کبھی پورے نہیں ہو سکتے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ایک کارکن کو سپیکر بنایا اور عمران خان کو یہ تکلیف ہے کہ انہیں مجھے سپیکر صاحب کہہ کر مخاطب کرنا پڑتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :