روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے سابق عالمی چیمپئن امریکی باکسر رائے جونز جونیئر کو روسی شہریت دیدی

اتوار 13 ستمبر 2015 11:15

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے سابق عالمی چیمپئن امریکی باکسر رائے جونز ..

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13ستمبر۔2015ء)روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے سابق عالمی چیمپئن اور امریکا کے مشہور باکسر رائے جونز جونیئر کو روسی شہریت دے دی ہے، جنہوں نے پوٹن کے ساتھ ایک ملاقات میں درخواست کی تھی کہ انہیں روسی پاسپورٹ جاری کیا جائے۔ماسکو سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق رائے جونز جونیئر نے اپنے لیے روسی شہریت کی درخواست صدر پوٹن کے ساتھ اپنی اس ملاقات میں کی تھی، جس میں دونوں نے مل کر چائے پی تھی اور جو یوکرائن کے اس سابق جزیرہ نما کریمیا میں ہوئی تھی، جسے روس اپنے ریاستی علاقے میں شامل کر چکا ہے۔

یہ ملاقات گزشتہ مہینے اگست میں کریمیا کے شہر سیواستوپول میں ہوئی تھی۔کریملن نے ولادیمیر پوٹن کا وہ صدارتی حکم باقاعدہ طور پر جاری کر دیا، جس میں رائے جونز جونیئر کو روسی شہریت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چھیالیس سالہ رائے جونز جونیئر ماضی میں چار مختلف جسمانی کیٹیگریز میں باکسنگ کے عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں لیکن اب وہ اپنا پیشہ بدل کر موسیقی اور اداکاری کے شعبے اپنا چکے ہیں۔

کریملن کے مطابق رائے جونز جونیئر نے اگست میں صدر پوٹن کو بتایا تھا کہ وہ روس سے محبت کرتے ہیں اور روسی شہریت ملنے کے بعد ان کے لیے باقاعدگی سے روس کے دورے کرنا آسان ہو جائے گا۔ اس پر ولادیمیر پوٹن نے کہا تھا کہ اگر رائے جونز جونیئر اپنی زندگی اور مصروفیات کے ایک بڑے حصے کو روس میں اپنی سرگرمیوں سے جوڑنا چاہتے ہیں، تو انہیں جونز کی خواہش پوری کر کے خوشی ہو گی۔

باکسنگ کے کھیل کے معروف روسی پروموٹر ولادیمیر خرائیْونوف نے، جو روس میں جونز کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں، کہا ہے کہ رائے جونز جونیئر نے روسی شہریت تو حاصل کر لی ہے لیکن وہ اپنی امریکی شہریت ترک نہیں کریں گے۔ماسکو حکومت اس سے پہلے بھی میڈیا میں شہ سرخیوں کی وجہ بننے والے کئی سرکردہ مغربی شہریوں کو روسی شہریت دے چکی ہے، جن میں مشہور زمانہ فرانسیسی اداکار جیرار دے پاردیئو بھی شامل ہیں۔ اس فرانسیسی اداکار کو 2013ء میں روسی پاسپورٹ اس وقت دیا گیا تھا جب انہوں نے فرانسیسی ٹیکس قوانین کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔