حرم شریف کرین حادثہ ، 6 پاکستانی عازمین حج کی شہادت کی تصدیق کردی گئی

افسوس ناک واقعے میں 6پاکستانی عازمین شہید ہو ئے ،ان کے ورثا سعودی عرب میں موجود ہیں،سعودی حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، مکہ کے تین ہسپتالوں میں 36 پاکستانی حاجی زیرِ علاج ہیں ،پاکستانی سفیر نمازیوں اور عازمین کا ہر طرح کا تحفظ یقینی بنایا جائے،حرم شریف میں کرین حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں، حادثے کی وجوہات کو جلد منظر عام پر لائیں گے،خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان کی زخمیوں کی عیادت کے موقع پرگفتگو

اتوار 13 ستمبر 2015 12:37

حرم شریف کرین حادثہ ، 6 پاکستانی عازمین حج کی شہادت کی تصدیق کردی گئی

مکہ المکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13ستمبر۔2015ء ) سعودی عرب میں متعین پاکستانی سفیر منظور الحق نے حرم شریف میں کرین حادثے میں 6 پاکستانی عازمین حج کے شہید ہونے کی تصدیق کردی ۔سعودی عرب میں متعین پاکستانی سفیر منظور الحق نے حرم شریف میں گزشتہ روز پیش آنے والے افسوس ناک واقعے میں 6پاکستانی عازمین حج کے شہید ہونے کی تصدیق کر تے ہوئے کہا کہ ان کے ورثا سعودی عرب میں موجود ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سعودی حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ اس وقت مکہ کے تین ہسپتالوں میں 36 پاکستانی حاجی زیرِ علاج ہیں، اور ان سب کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ عرب ٹی وی نے حرم شریف میں کرین گرنے کے حادثے میں دعویٰ کیا کہ حادثے میں 25 بنگلا دیشی، 25 ایرانی اور10 بھارتی شہری شہید ہوئے ۔

(جاری ہے)

خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان نے حرم شریف میں جائے حادثہ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت بھی کی جب کہ اس موقع پر شاہ سلمان نے انتظامیہ کو ہدایت کی نمازیوں اور عازمین کے ہر طرح کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

حرم شریف میں کرین حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ حادثے کی وجوہات کو جلد منظر عام پر لائیں گے۔ سعودی حکام نے اس حادثے میں 107 افراد کی شہادت کی تصدیق کی ہے جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 230 ہے جو اس حادثے میں زخمی ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں انڈونیشیا، بھارت، ایران اور مصر کے شہری شامل ہیں تاہم ان ممالک کی حکومتوں کی جانب سے فی الحال اپنے شہریوں کی شہادتوں کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔