کرسٹیانو رونالڈو ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے لیے زیادہ گول کرنیوالے کھلاڑی بن گئے

اتوار 13 ستمبر 2015 16:25

کرسٹیانو رونالڈو ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے لیے زیادہ گول کرنیوالے ..

میڈرڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار13ستمبر ۔2015ء ) پرتگال اور ریال میڈرڈ کے سٹار کرسٹیانو رونالڈو نے لالیگا میں سپنیول کیخلاف پانچ گول داغ کر ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے ۔ 30سالہ سٹرائیکر سپنیول کیخلاف میچ کے دوران ریال میڈرڈ کیلئے سب سے زیادہ گول سکور کرنیوالے کھلاڑی بننے کیساتھ ساتھ لالیگا میں زیادہ گول سکور کرنیوالے کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں ۔

گزشتہ آٹھ لیگ اور انٹرنیشنل میچوں میں گول سے محروم رونالڈو نے سپنیول کیخلاف اپنا غصہ نکالتے ہوئے پانچ بار گیند کو جال میں پہنچایا ۔ ان پانچ گولوں کے ساتھ ہی رونالڈو نے ریال میڈرڈ کیلئے اپنے گولوں کی تعداد 230 کر لی ہے اور وہ کلب کیلئے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل یہ ریکارڈ سپین کے سابق کھلاڑی راؤل کے پاس تھا جنہوں نے 228 گول سکور کیے تھے ۔

رونالڈو لالیگا میں زیادہ گول سکور کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں جہاں پہلے نمبر پر287 گول کیساتھ انکے روایتی حریف اور باسلونا کے سٹار لیونل میسی موجود ہیں ۔ 2009ء میں 80 ملین یورو کی خطیر رقم کے عوض معاہدہ کر کے ریال میڈرڈ کا حصۃ بننے والے 30 سالہ سٹار نے صرف 204 میچوں میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا جبکہ میسی اب تک بارسلونا کی 317 میچوں میں نمائندگی کر چکے ہیں ۔