دنیا کا بے وقوف ترین بنک ڈکیت

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 13 ستمبر 2015 16:43

دنیا کا بے وقوف ترین بنک ڈکیت

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13ستمبر۔2015ء)لطیفے تو بہت سنے تھے کہ بے وقوف ڈاکو نے بنک لوٹنے کے بعد رقم اپنے ہی اکاؤنٹ میں جمع کرا دی۔ لطیفے والے ڈاکو سے بھی زیادہ بے وقوف ڈاکو 61 سالہ پاؤل نیورسن نے رقم لوٹنے کی بجائے کیشئر کو براہ راست اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاؤل ہائی سٹریٹ پر نیٹ ویسٹ کی ایک برانچ میں گھسا اور کیشئر کو چاقو دکھا کر 500 پاؤنڈاپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا۔

کیشئر نے حکم ماننے کی بجائے الارم کا بٹن دبا دیا۔ یہ دیکھ کر پاؤل الٹے قدموں بھاگ نکلا۔

(جاری ہے)

میڈ سٹون کراؤن کورٹ کو بتایا گیا کہ اس برانچ کے بعد اس نے 400 فٹ دور رینہام، کینٹ میں ایچ ایس بی سی میں بھی 500 پاؤنڈ لوٹنے کی ناکام کوشش کی تھی ۔دوسری جگہ ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کرنے کے بعد اسے گھر پہنچتے ہی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق پاؤل کا اس سے پہلے جرائم کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی ریکارڈ نہیں۔پاؤل نے عدالت میں بتایا کہ اسے کورفو میں گولف کوچ کی ملازمت کے لیے انٹرویو دینا تھا، اس نے جہاز کے ٹکٹ کے پیسے جمع کرنے کے لیے بنک میں ڈاکہ ڈالا ۔ رینہام سے تعلق رکھنے والے پاؤل کو، چاقو رکھنے اور دو ڈکیتیوں کا جرم ثابت ہونے کے بعد، دو سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔