کراچی میں دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کا بہت جلد مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا

دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بلاامتیاز آپریشن جاری رکھا جائے گا، ڈاکٹر طارق فضل چودھری

اتوار 13 ستمبر 2015 17:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 ستمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)فیڈرل کپیٹل اسلام آباد کے صدر اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہاہے کہ کراچی میں دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کا بہت جلد مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا، دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بلاامتیاز آپریشن جاری رکھا جائے گا۔ اتوار کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی، بجلی، دہشت گردی، معاشی اور اقتصادی بحرانوں سے عوام کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات دلانے کیلئے دن رات کوشاں ہے، نئے خوشحال پاکستان کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور عوام کے درمیان نہ ٹوٹنے والا رشتہ برقرار رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو ورثہ میں ملنے والے بحران اگرچہ بہت گھمبیر اور مشکل ہیں لیکن وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں لوڈ شیڈنگ سمیت دیگر تمام بحرانوں پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہمیشہ سیاست سے بالاتر ہو کر ملکی ترقی و خوشحالی اور استحکام کیلئے کام کیا ہے اور انہوں نے ایک خوشحال اور پرامن پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے، حکومت اپنی آئینی مدت میں ملک و قوم کو تمام مسائل سے چھٹکارا دلا کر ایک پرامن اور مستحکم پاکستان کا تحفہ دے کر جائے گی-ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے مزید کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف اور وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کے بروقت اقدامات اور پاک فوج کی لازوال قربانیوں کے باعث ملک سے دہشت گردوں کاخاتمہ ہو رہا ہے اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور ایک طویل عرصہ کے بعد قوم نے اپنا یوم دفاع پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جس پر ہم پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے جس طرح عام انتخابات اور بعدازاں کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں کلین سویپ کیا اسی طرح پاکستان مسلم لیگ(ن) بلدیاتی انتخابات میں بھی کلین سویپ کرے گی

متعلقہ عنوان :