راولپنڈی‘خاتون نے چاقو کے وار کر کے نیول آفیسر کو موت کے گھاٹ اتار دیا،مقتول احسان اللہ یوسف کراچی میں نیوی میں تعینات تھے چھٹیوں پر راولپنڈی آئے ہوئے تھے ‘پولیس نے ملزمہ ریحانہ کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کردیئے

اتوار 13 ستمبر 2015 21:03

راولپنڈی‘خاتون نے چاقو کے وار کر کے نیول آفیسر کو موت کے گھاٹ اتار ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13ستمبر۔2015ء)تھانہ سٹی کے علاقے میں ایک نیول آفیسر کوخاتون نے چاقومار کرقتل کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی کے علاقے جاوید کیفے نزد فوارہ چوک میں نیول آفیسر لیفٹیننٹ احسان اللہ یوسف ولد صوبیدار(ر) یوسف اپنی منگیترعروج کے ساتھ بیٹھ کر ایک مقامی ہوٹل میں کھاناکھارہاتھاکہ ریحانہ نامی خاتون آئی اوراس نے کہاکہ میری موبائل سم مجھے دے دو،جس پراحسان اللہ نے کہاکہ میرے پاس تمھاری کوئی سم موجود نہیں جس پرریحانہ مشتعل ہوگئی اوراس نے ہاتھ میں پکڑی چھری احسان اللہ یوسف کے سینے میں پیوست کردی،جس پراحسان اللہ یوسف شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امدادکے لئے فوارہ چوک میں واقع ڈسٹرکٹ ہسپتال لے جایاگیاجہاں پروہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئے ۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق ریحانہ موقع سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئی ہے ،تھانہ گنجمنڈی پولیس نے نیول حکام کوواقعہ کی تفصیلات سے کر دیا ہے اور قانون کی کارروائی کرتے ہوئے احسان اللہ یوسف کی نعش کوپوسٹ مارٹم کرنے کیلئے ڈاکٹرز کے حوالے کردیا۔ یہ بھی اطلاع ہے کہ مقتول احسان اللہ یوسف کراچی میں نیوی میں تعینات تھا اور ان دنوں چھٹی پر راولپنڈی آیاہواتھا۔پولیس نے ملزمہ ریحانہ کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں اور قتل کے محرکات تک پہنچنے کیلئے ابتدائی معلومات لے لی ہیں اور مقتول کی منگیتر سے بھی بیان لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی روشنی میں تفتیش کا آگے بڑھایا جائے گا ۔