عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے یو ایس اوپن فائنل میں راجر فیڈرر کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا

پیر 14 ستمبر 2015 12:38

عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے یو ایس اوپن فائنل میں راجر فیڈرر کو شکست ..

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء)عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے یو ایس اوپن فائنل میں راجر فیڈرر کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ‘بارش کے باعث میچ تین گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا ۔نیویارک میں کھیلے جانے والے فائنل میں جوکووچ نے فیڈرر کو چھ۔چار ‘ پانچ۔سات ‘ چھ۔چار ‘چھ۔چار سے شکست دی۔یہ جوکووچ کا مجموعی طور پر دسواں گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔

اس سے قبل انھوں نے رواں سال آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن فرنچ اوپن کے فائنل میں شکست سے دو چار ہو گئے تھے۔ 2009 کے بعد راجر فیڈرر پہلی بار یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچے تھے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سٹیڈیم میں فیڈرر کے مداح زیادہ تھے اور ایک خاتون جو فیڈرر کے لباس جیسے لباس میں ملبوس تھیں وہ چوتھے راوٴنڈ کے آخر میں بے قابو ہو کر رونے لگیں نواک جوکووچ نے اپنی جیت کے بعد کہا کہ راجر جو کررہے ہیں وہ قابل تعریف ہے وہ اب بھی بہتری کی جانب مائل ہیں اور میرے دل میں ان کیلئے زبردست عزت ہے ‘ جب آپ کو علم ہو کہ آپ کا مقابلہ بہترین کھلاڑی سے ہے تو آپ کو جیتنے کیلئے اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوتا ہے اور یہ شام میرے لیے ناقابل یقین تھی۔

(جاری ہے)

راجر فیڈرر نے اس سے قبل کہا کہ یہ اچھی مسابقت ہے تاہم شاید آج کی رات نہیں! ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنا ہمیشہ مشکل رہا ہے اور میرے خیال سے ہم دونوں یہاں سے اپنے بارے میں اور ایک دوسرے کے بارے میں بہتر علم کے ساتھ لوٹیں گے۔17 بار گرینڈ سلیم جیتنے والے فیڈرر نے میچ سے قبل کہا تھا کہ رواں سال نوواک زبردست فارم میں ہیں اور ہم جب بھی کھیلتے ہیں تو میچ میں بہت کچھ ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا تھا کہ نواک ہارڈ کورٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں اور ذہنی طور پر بھی بہت مضبوط ہیں تاہم میں اس قسم کے چیلنج کو پسند کرتا ہوں اور میں اس کیلئے تیار رہوں گا۔ادھر راجر فیڈرر نے اعتراف کیا کہ نوویک جوکووچ نے ان سے اچھا کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شکست سے دلبرداشتہ نہیں ہوئے بلکہ وہ اپنی غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے اپنے کھیل کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کرینگے۔