کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا

پیر 14 ستمبر 2015 12:58

کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء)پرتگال اور ریال میڈرڈ کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے لالیگا میں اسپنیول کے خلاف پانچ گول داغ کر ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔عالمی شہرت یافتہ اسٹرائیکر اسپنیول کے خلاف میچ کے دوران ریال میڈرڈ کیلئے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی بننے کے ساتھ ساتھ لالیگا میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔

اسپنیول کے خلاف میچ مکمل طور پر پرتگالی اسٹار کے نام رہا جو شروع سے ہی میچپ ر چھائے رہے۔گزشتہ آٹھ لیگ اور انٹرنیشنل میچوں میں گول سے محروم رونالڈو نے اسپنیول کے خلاف میچ میں صرف ساتویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔دس منٹ بعد ریال میڈرڈ کو پینالٹی ملی جس پر رونالڈو نے گیند کو جال میں پھینکنے میں کوئی غلطی نہ کی جبکہ تین منٹ بعد انہوں نے ایک بار پھر حریف دفاع کو روندتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

(جاری ہے)

پہلے ہاف کے 28ویں منٹ میں رونالڈو کے پاس پر بنزیما نے گیند کو گول میں پہنچا دیا جس کے بعد اگلے 17 منٹ تک میچ میں کوئی گول اسکور نہ ہوا جس پر اسپنیول نے سکھ کا سانس لیا۔پہلے ہاف کے اختتام پر میڈرڈ کو 4-0 کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف کے 61ویں اور پھر 81ویں منٹ میں رونالڈو نے ایک بار پھر گول اسکور کر کے میچ میں اپنے گولوں کی تعداد پانچ کر لی۔

جب امپائر نے کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا تو اسکور بورڈ پر 6-0 کا ہندسہ میچ میں میڈرڈ کی بالادستی کی گواہی دے رہا تھا۔ان پانچ گولوں کے ساتھ ہی رونالڈو نے ریال میڈرڈ کیلئے اپنے گولوں کی تعداد 230 کر لی ہے اور وہ کلب کیلئے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔اس سے قبل یہ ریکارڈ اسپین کے راوٴل کے پاس تھا جنہوں نے 228 گول اسکور کیے تھے۔وہ لالیگا میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی چوتھے نمبر پر آگئے ہیں جہاں پہلے نمبر پر287 گول کے ساتھ ان کے روایتی حریف اور باسلونا کے اسٹار لیونل میسی موجود ہیں