آئی سی سی نے میچوں میں ٹاس ختم کرنے سے انکار کردیا

پیر 14 ستمبر 2015 13:22

آئی سی سی نے میچوں میں ٹاس ختم کرنے سے انکار کردیا

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) آئی سی سی نے میچوں میں ٹاس ختم کرنے سے انکار کردیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈ سن کا کہنا ہے کہ نئی ٹاس تھیوری سے متاثر نہیں ہیں اور ابھی تک اس تجویز کو سنجیدگی سے زیر غور نہیں لایا گیا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے ہیں کہ یہ کوئی اچھی تجویز ہے اور اس معاملے پر بہت زیادہ غور کرنے کی ضرورت پڑے گی۔

تبدیلی کرکٹ کیلئے اچھی ثابت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابق آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ نے تجویز پیش کی تھی کہ ٹاس نہ کیا جائے اور مہمان ٹیم کے کپتان کو اختیار دیا جائے کہ وہ پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے ہیں یا باؤلنگ کو ترجیح دیں گے کیونکہ میزبان ٹیم کیلئے کنڈیشنز بہت زیادہ سازگار ہوتی ہیں جس کی وجہ سے میچوں میں مہمان سائیڈ کے ساتھ زیادتی ہو جاتی ہے۔

ان کی اس تجویز سے سٹیو وا اور مائیکل ہولڈنگ نے بھی اتفاق کیا تھا لیکن پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے مخالفت کی۔ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا کیونکہ تقریباً ایک صدی سے ایسے ہی چلتا آرہا ہے۔اس سے زیادہ اچھا یہ ہو گا کہ دیگر خامیوں کو دور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹاس ختم کرنے سے ٹیسٹ کرکٹ پربرا اثر پڑے گا۔