وزیراعظم کا عطاء آباد جھیل پر پاک چین دوستی کے شاہکار قراقرم ہائی وے کی تعمیر نو کے اہم منصوبے کا افتتاح

پیر 14 ستمبر 2015 13:41

وزیراعظم کا عطاء آباد جھیل پر پاک چین دوستی کے شاہکار قراقرم ہائی وے ..

عطا آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان میں عطاء آباد جھیل پر پاک چین دوستی کا شاہکار قراقرم ہائی وے کی تعمیر نو کے اہم منصوبے کا افتتاح کردیا‘24 کلومیٹر شاہراہ قراقرم ہائی وے عطا آباد جھیل میں ڈوبنے کے باعث دوبارہ بنائی گئی ہے‘ چوبیس کلومیٹر یہ شاہراہ اور ٹنلز کا منصوبہ چین کی مدد سے مکمل کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیراعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان میں عطاء آباد جھیل پر قراقرم ہائی وے کی تعمیر نو کے اہم منصوبے کا افتتاح کردیا۔گلگت بلتستان پہنچنے پر وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نواز شریف کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے قراقرم ہائی وے منصوبے پر بریفنگ دی گئی جبکہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں پر بھی وزیراعظم نواز شریف کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ عطاء آباد جھیل پر تعمیر کی جانے والی چوبیس کلومیٹر طویل سڑک پر سات کلومیٹر لمبی پانچ سرنگیں تعمیر کی گئی ہیں۔ چوبیس کلومیٹر طویل سڑک میں دو بڑے پل اور 78چھوٹی پلیاں بھی شامل ہیں۔ جنوری 2010 میں عطاء آباد کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے تھے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قراقرم ہائی وے کا بڑا حصہ متاثر ہوا تھا۔

دریائے ہنزہ میں پہاڑی تودہ گرنے سے عطاء آباد کے مقام پر بڑی جھیل بن گئی تھی جس کی گہرائی تقریباً دو سو میٹر اور لمبائی پچیس کلومیٹر ہے۔ جھیل بننے کے باعث شاہراہ قراقرم کا چوبیس کلومیٹر حصہ بھی پانی میں ڈوب گیا تھا جس پر کام کا آغاز کیا گیا۔ وزارت مواصلات اور چینی کمپنی نے منصوبے کو تین سال اور دو ماہ کی مدت میں مکمل کیا۔

متعلقہ عنوان :