سابق فوجیوں کا فاٹا اور کراچی آپریشن کی بھرپور حمایت کا اعلان، آرمی چیف کے عزم کی تعریف

پیر 14 ستمبر 2015 13:48

سابق فوجیوں کا فاٹا اور کراچی آپریشن کی بھرپور حمایت کا اعلان، آرمی ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) سابق فوجیوں کی تنظیم پیسا نے فاٹا اور کراچی آپریشن کی بھرپور حمایت اور بری افواج کے سربراہ کے انھیں منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم مصمم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار اور طویل المعیاد کامیابی کیلئے عوام کا ذہن بدلنے اور بنیادی قومی اقدار کے فروغ کی منصوبہ بندی کو اولیت دی جائے۔

حکومت نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کرے مگر ساتھ ہی دیرپا کامیابی کیلئے عوام کے طرز فکر میں مثبت تبدیلی کیلئے سٹرٹیجک پلاننگ کرے۔ اس بات کا فیصلہ پیسا کے صدر جنرل علی قلی خان کی قیادت میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں ایڈمرل تسنیم، برگیڈئیر میاں محمود، جنرل نعیم اکبر، جسٹس جاوید نواز گنڈاپور، برگیڈئیر عربی خان، برگیڈئیر سائمن شرف، میجر فاروق حامد خان، میجر محمد اکرم، برگیڈئیر مسعود الحسن اور سپریم کورٹ کے سینئیر وکیل محمد غازی اور دیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے نیب کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی دولت لوٹنے والوں سے معمولی وصولی کے بعد کلین چٹ دے دی جاتی ہے جبکہ دیگر تفصیلات کو خفیہ رکھا جاتا ہے۔مقدمات کی طوالت کی وجہ سے کئی مجرم قومی ہیرو بن جاتے ہیں ۔پیسا نے ملکی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ایک منصوبہ بنا رکھا ہے جسکی پریزینٹیشن الیکشن سے قبل محمد نواز شریف کو دی جا چکی ہے جنھوں نے اسے پسند کیا تھا۔

موجودہ حالات کے مطابق اس پلان میں تبدیلی کر دی گئی ہے اور اس سے طویل المعیاد قومی پالیسی بنانے میں استفادہ کیا جا سکتا ہے۔اجلاس میں جنرل حمید گل مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ پیسا کے بانی ممبران میں سے تھے ۔ وہ انتہائی محب وطن اور ایماندار تھے اور سابق فوجیوں کی دونوں تنظیموں پیسا اور پیس کا انضمام چاہتے تھے تاکہ سابق فوجیوں کی آواز مزید موثر بنائی جا سکے۔ اجلاس میں دونوں تنظیوں کے ادغام کی منظوری دی گئی اور پیسا کے سیکرٹری جنرل کو پیس کے عہدیداروں سے مزاکرات کا اختیار دے دیا گیا۔