فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے ایک لاکھ 10 ہزار 391 پاکستانیوں کو حجاز مقدس پہنچا دیا گیا

پیر 14 ستمبر 2015 17:01

اسلام آباد ۔14ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء)فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے ایک لاکھ 10 ہزار 391 پاکستانیوں کو حجاز مقدس پہنچا دیا گیا ہے ۔ حج سے قبل فلائٹ آپریشن جمعرات کو مکمل کر لیا جائیگا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال ایک لاکھ 43ہزار سے زائد پاکستانی سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے تحت فریضہ حج ادا کرینگے۔ حج سے قبل فلائٹ آپریشن 16اگست کو شر وع ہوا۔

فلائٹ آپریشن میں قومی ایئر لائن پی آئی اے ، سعودی ایئر لائن ، شاہین ایئر انٹر نیشنل اور ایئر بلیو نے حصہ لیا۔ سعودی عرب پہنچنے والے کل عازمین میں سے اب تک سرکاری سکیم کے تحت 64494جبکہ پرائیویٹ سکیم کے تحت 45797عازمین شامل ہیں۔ 22546پاکستانی عازمین کو براہ راست مدینہ منورہ پہنچایا گیا ، مدینہ منورہ کا فلائیٹ آپریشن مکمل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

جو عازمین براہ راست مدینہ گئے ہیں ان کی واپسی جدہ سے جبکہ جدہ پہنچنے والے عازمین کی واپسی مدینہ منورہ سے ہوگی۔

وزارت مذہبی امور نے پاکستانی حاجیوں کی خدمت اور سہولت کیلئے سیزنل سٹاف، میڈیکل میشن ، معاونین حجاج مقامی خدام کے طور پر مجموعی طور پر 1879افراد کی خدمات حاصل کی ہیں۔ جن میں سے 1744افراد پہنچ چکے ہیں۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کی شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے کیلئے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے اور حج مانیٹرنگ ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے ۔