سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی

پیر 14 ستمبر 2015 18:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔ 2010 ء میں عبدالمجید اور عبداللطیف خان نے عدالتی فیصلے عزیز الدین کی رو سے توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی تاہم عدالت نے کہا ہے کہ توہین عدالت کی درخواست نہیں بنتی محکمانہ تحفظات پر فیڈرل سروسز ٹریبونل سے رجوع کیا جائے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے پیر کو مقدمے کی سماعت کی اسی دوران درخواست گزاروں کی جانب سے اکرم شیخ ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ان کے موکلان کو ترقی نہیں دی گئی۔ جس پر عدالت نے کہا کہ توہین عدالت کی کارروائی نہیں بنتی محکمانہ مسئلہ ہے تو ایف ایس ٹی سے رجوع کریں۔ ویسے بھی انہوں نے عدالتی فیصلے پر آپ کی ترقی کا جائزہ تو لیا تھا اب آپ کے حق میں فیصلہ نہیں ہوا تو اس کیلئے آپ ایف ایس ٹی جائیں۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست خارج کردی۔