آصف زرداری کی خیبرپختونخواکی صوبائی اور مقامی قیادت کو حلقہ PK-93 کے ضمنی انتخابات میں بڑے پیمانے پر خواتین کے ووٹ کاسٹ کروانے کی ہدایت

پیر 14 ستمبر 2015 19:35

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے خیبرپختونخواہ کے صوبائی اور مقامی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپر دیر میں حلقہ PK-93 کے ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لئے بڑے پیمانے پر خواتین کے ووٹ کاسٹ کروائیں۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے پر پارٹی مکمل یقین رکھتی ہے اور خواتین کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کے لئے ہر قسم کی ڈیل کو مسترد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بہنوں اور بیٹیوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں کرنا چاہیے اور انہیں بلا خوف خطر ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منگل کے روز ضمنی انتخابات میں سیاسی عمل میں خواتین کو شامل کرکے یہ واضح پیـغام دے دیا جائے کہ پارٹی خواتین کو دوسرے درجے کی شہری سمجھنے کو قطعی طور پر مسترد کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متنبہ کیا کہ انتخاب کے روز انتخابات کے نتائج کو تبدیل کرنے کی ہر کوشش ناکام بنا دی جائے گی اور پارٹی کارکنوں، غیرجانبدار مبصرین اور سول سوسائٹی سے کہا ہے کہ انتخابی عمل کی نگرانی کرتے رہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ پارٹی کے سیکریٹری جنرل سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے چیف الیکشن کمیشن کے نام ایک خط میں مطالبہ کیا تھا کہ ان انتخابات میں شفافیت کا خیال رکھا جائے۔ پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اﷲ بابر نے کہا کہ منگل کے روز یہ انتخابی مقابلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اور صوبہ خیبرپختونخواہ کی حکومت کے امیدوار کے درمیان ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت اے این پی، جے یو آئی، مسلم لیگ(ن) اور دیگر پارٹیاں کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ 2013 کے انتخابات میں اس حلقہ انتخاب سے جماعت اسلامی کا امیدوار کامیاب ہوا تھا لیکن پاکستان پیپلز پارٹی نے اسے چیلنج کیا کہ اس امیدوار کی ڈگری جعلی تھی۔ اب خیبرپختونخواہ کا حکومتی اتحاد یہ نشست جیتنے کی پوری کوشش کرے گا تاکہ وہ اپنے سابق رکن صوبائی اسمبلی کے نااہل ہونے کی شرمندگی کو چھپا سکے۔

سابق صدر نے پی پی پی کے صوبائی صدر سینیٹر خانزادہ خان، دیر سے سابق رکن صوبائی اسمبلی زمین خان اور انور خان، باچا صالح اور پارٹی کے ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار کی انتخابی مہم بہت احسن طریقے سے چلائی اور عوام کو متحر ک کیا۔

متعلقہ عنوان :