10 پاکستانی نوجوان جنہوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا

muhammad ali محمد علی پیر 14 ستمبر 2015 21:56

10 پاکستانی نوجوان جنہوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 14ستمبر 2015 ء)پاکستان میں ٹیلنٹ کی کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہے۔ نامصائب حالات کے باوجود پاکستان کے کئی نوجوانوں نے اپنے حیران کن کارناموں سے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔ ایسے ہی نوجوانوں میں ایک مرحوم عارفہ کریم بھی ہیں جنہوں نے دنیا کی نوجوان ترین مائیکروسافٹ پروفیشنل ہونے کا اعزاز حاصل کر کے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا تھا۔

آج ہم ایسے ہی کچھ اور نوجوانوں کی داستان سامنے لانے جارہے ہیں جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود اپنے کارناموں سے پاکستان کا نام دنیا بھر مین روشن کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ 1۔شمائل حسن سید کراچی سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ نوجوان ہیں جنہوں نے اپنی سائیکل بیچ کر ایک بین الاقوامی گیمنگ مقابلے میں حصہ لیا اور مقابلے کو جیت کر 12 لاکھ ڈالر کا انعام اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

2۔ہارون اقبال نے او لیول اور اے لیول میں ریکارڈ 87 اے گریڈ حاصل کرکے دنیا بھر میں ریکارڈ قائم کیا تھا۔ 3۔ سعد علی 18 سالہ نوجوان ہیں جو عالمی شہرت یافتہ فارمولہ ون کار ریس میں شرکت کرنے والے واحد پاکستانی ہیں۔ 4۔اویس عمران ایک شاندار مقرر ہیں جنہوں نے ٹیلی نار کی جانب سے 2013 میں عالمی یوتھ سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ اویس کی جانب سے ایک موبائل ایپ شاٹ ڈراپ تیار کی گئی تھی جسے صرف 6 ماہ کے دوران 50000 مرتبہ ڈاون لوڈ کیا جاچکا ہے۔

5۔ آئمہ اسد لندن یونیورسٹی میں ایل ایل بی کے امتحانات میں اول پوزیشن حاصل کرچکی ہیں۔ آئمہ نے نہ صرف اول پوزیشن حاصل کی بلکہ لندن یونیورسٹی کے ایل ایل بی پروگرام کی تاریخ میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے بھی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ 6۔ لاریب عطاء معروف پاکستانی گلوکار عطاء اللہ ایسی خیلوی کی بیٹی ہیں۔ لاریب نے 2006 میں 19 سال کی عمر میں ہالی وڈ میں ویژوول ایفیکٹ آرٹسٹ کی حیثیت سے کام کا آغاز کرکے پاکستان کی نوجوان ترین ویژوول ایفیکٹ آرٹسٹ ہونے کا اعزاز حاصل رکھتی ہیں۔

لاریب معروف ہالی وڈ فلموں ایکسمین، گاڈ زیلاء، گریویٹی اور دیگر کی پروڈکشن میں کام کر چکی ہیں۔ 7۔ حارس خان دنیا کے کم عمر ترین سمارٹ فون ایپ بنانے والے بچے ہیں۔ حارس نے 2014 میں 11 سال کی عمر میں فتبال کے کھیل کے حوالے سے سپر سوکر کک تھری ڈی نامی گیم بنا ئی تھی۔ 8۔ ایمان قریشی پاکستان کی کم عمر ترین خاتون ٹینس کھلاڑی ہیں جو ایشیاء میں انڈر 14 ٹینس رینکنگ میں تیسرے درجہ پر فائز ہیں۔

ایمان نے صرف 11 سال کی عمر میں قومی ٹینس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرکے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی تھی۔ 9۔بابر اقبال دنیا کے کم عمر ترین پروفیشنل کمپیوٹر ریکارڈ ہولڈر ہیں۔ بابر اقبال آئی ٹی کے شعبہ میں متعدد عالمی ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔ بابر اس وقت مائیکروسافٹ کیلئے کام کررہے ہیں اور دبئی میں مقیم ہیں۔ 10۔ سعید معاذ عمران نے 2014 میں ٹیلی نار یوتھ سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جبکہ نوبل انعام کی تقسیم کی تقریب میں شرکت کرچکے ہیں۔ معاذ نے دنیا بھر کے طالب علموں کو آن لائن ٹیوشن فراہم کرنے کیلئے ایک ویب سائٹ بنانے کا خیال پیش کیا تھا جسے دنیا بھر سے آئی ٹی کے شعبہ میں 800 افراد کی جانب سے دیے گئے آئیڈیاز میں سب سے بہترین قرار دیا گیا تھا۔