ٹی ٹوئنٹی کپ ،پہلے سیمی فائنل میں کراچی بلیوز نے ملتان کو 8 رنز سے شکست دیکرفائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

پیر 14 ستمبر 2015 21:57

ٹی ٹوئنٹی کپ ،پہلے سیمی فائنل میں کراچی بلیوز نے ملتان کو 8 رنز سے شکست ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں کراچی بلیوز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان ریجن کی ٹیم کو8 رنز سے شکست دے کرفائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ملتان ریجن کی ٹیم 190 رنز کے تعاقب میں9 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنا سکی‘ کراچی کی جانب سے فواد عالم کے ناقابل شکست 60 اور اسد شفیق کے 53 رنز‘ ملتان کے ماجد علی اور راحت علی 3,3 وکٹیں‘ ملتان کی جانب سے عامر یاسین 45 اور صہیب مقصود 38 رنز بنا کر نمایاں رہے‘ کراچی کے عبدالامیر کی 3 اور رومان رئیس کی 2 وکٹیں‘شاندار کارکردگی پر کراچی کے عبدالامیر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ہائیر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں کراچی بلیوز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تاہم اوپنر کوئی خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے اور خرم منظور بغیر کوئی رن بنائے جبکہ شاہزیب حسن7 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔

(جاری ہے)

ٹیم کے دیگر سپر سٹارز میں شاہد آفریدی اور انور علی نے محض 4,4 رنز بنائے۔

جبکہ کراچی کی جانب سے سب سے زیادہ رنز فواد عالم نے سکو رکئے انہوں نے 60 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اسد شفیق 53 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ ملتان کی جانب سے ماجد علی اور راحت علی نے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ کراچی بلیوز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ ملتان کی جانب سے 190 رنز کے تعاقب میں عمران فرحت اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا تاہم عمران فرحت 8 کے مجموعی سکو رپر 3 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

کراچی کو دوسری کامیابی 55 رنز کے مجموعی سکور پر کامران اکمل کی صورت میں ملی وہ 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ملتان کو تیسرا نقصان زین عبا س کی صور ت میں 100 کے مجموعی سکو رپر اس وقت ہوا جب وہ عبدالامیر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد چوتھی اور پانچویں وکٹ 102 رنز پر گری اور نوید یاسین او رصہیب مقصود آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم جب مقررہ 20 اوور ختم ہوئے تو ملتان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے تھے ۔ یوں پہلے سیمی فائنل میں کراچی بلیوز نے 8 رنز سے کامیابی حاصل کر کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ شاندار کارکردگی پر کراچی کے عبدالامیر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔