جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث نادرا افسروں و اہلکاروں کے خلاف کاروائی تیز ،گوادر سے اسسٹنٹ ڈائریکٹرسمیت 3اہلکار گرفتار

اہم قومی ادارے کو کرپٹ عناصر سے پاک کرنے کیلئے بلا تفریق کاروائیاں جاری رکھی جائیں ، وزیر داخلہ چوہدری نثارکی ہدایت

پیر 14 ستمبر 2015 21:58

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء ) وزیر داخلہ چوہدری نثار کے حکم پر جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث نادرا اہلکاروں کے خلاف کاروائی تیز کر دی گئی، کراچی اور اسلام آباد کے بعد پیر کو گوادر سے نادرا کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور دواہلکار گرفتارکرلئے گئے، چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نادرا جیسے اہم قومی ادارے کو غلط کاریوں میں ملوث عناصر سے پاک کرنے کیلئے بلا تفریق و امتیاز کاروائیاں جاری رکھی جائیں ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے نادرا میں بھاری رشوت کے عوض جعلی شناختی کارڈ بنانے والے افسروں و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے جس کی روشنی میں نادرا میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں عمل میں آرہی ہیں ۔ کراچی اور اسلام آباد میں ملزمان کی گرفتاریوں کے بعد اب بلوچستان کے علاقے گوادر سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور نادرا کے دو اہلکاورں کوگرفتار کرلیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ملزمان ایرانی باشندوں کو غیر قانونی طور پر شناختی کارڈ کے اجرا میں ملوث پائے گئے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ جعلی شناختی کارڈ بنانے والے عناصر کے خلاف صرف محکمانہ کاروائی ہی نہیں بلکہ انکی فوری گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ نادرا جیسے اہم قومی ادارے کو غلط کاریوں میں ملوث عناصر سے پاک کرنے کیلئے بلا تفریق و امتیاز کاروائی جاری رکھی جائے۔

متعلقہ عنوان :