ہاکی انڈیا لیگ میں نیا قانون متعارف کرانے کی تیاری مکمل کرلی گئی

پیر 14 ستمبر 2015 22:13

ہاکی انڈیا لیگ میں نیا قانون متعارف کرانے کی تیاری مکمل کرلی گئی

نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار14ستمبر ۔2015ء )ہاکی انڈیا لیگ میں کھیل کو مزید جارحانہ بنانے کیلئے ہاکی کے قانون میں یکسر تبدیلی کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے اور لیگ کے آئندہ ایڈیشن میں اب فیلڈ گول کو1 کی بجائے 2 گول کے برابر تصور کیا جائیگا۔فرنچائز کی جانب سے انقلابی قرار دیے جانیوالے اس نئے قانون کے تحت پینالٹی کارنر پر ہونے والے گول کو ایک ہی تصور کیا جائیگا لیکن فیلڈ گول پر ہونیوالا گول کے دو برابر مانا جائیگا۔

ہاکی انڈیا لیگ کی تکنیکی کمیٹی نے اس نئے قانون پر حال ہی میں دہلی میں ہونیوالی ورکشاپ میں فرنچائز سے تبادلہ خیال کیا اور اس پر ممکنہ طور پر اگلے ایڈیشن پر عملدرآمد کیا جائیگا۔اس نئے قانون کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی حمایت بھی حاصل ہے جس کے بعد اس بات کا قوی امکان ہے کہ اس قانون کے کامیاب ہونے پر اسے عالمی سطح پر بھی آزمایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس اقدام کا مقصد فیلڈ گول کے تناسب کو بڑھانے کے ساتھ جارحانہ اور اٹیکنگ ہاکی کو فروغ دینا ہے کیونکہ گزشتہ کچھ سال سے ٹیمیں پینلٹی کارنر کے ذریعے گول کرنیکی کوشش کرتی ہیں اور عام تاثر ہے کہ شارٹ کارنرز کی وجہ سے فیلڈ گول کی اہمیت کم ہو گئی ہے بالخصوص بھارتی ٹیم فیلڈ گول کرنے کے شعبے میں کافی کمزور ہے۔اب حکام اس لیگ کے ذریعے فیلڈ گول کی تعداد بڑھانے کی کوشش کریں گے تاکہ عالمی سطح پر بھی ہندوستانی ہاکی ٹیم فیلڈ گول کی تعداد بڑھانے میں کامیاب رہے۔