پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان شامی پناہ گزینوں کیلئے میدان میں آگئے

پیر 14 ستمبر 2015 22:19

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان شامی پناہ گزینوں کیلئے میدان ..

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار14ستمبر ۔2015ء )باکسنگ کے سابق عالمی چیمپئن عامر خان شامی مہاجرین کیلئے میدان میں آگئے ہیں اور برطانیہ بھر میں موجود انکے فینز اور چاہنے والوں سے اکٹھے ہونیوالے کپڑوں ، جوتوں ، ٹینٹس اور جسمانی صفائی ستھرائی کیلئے استعمال ہونیوالی چیزوں سے بھرے ٹرکوں کیساتھ روانہ ہوں گے اور اس قافلے میں مزید لوگ بھی شریک ہوسکتے ہیں۔

یہ قافلہ منگل کو انکے گھر بولٹن سے چار روز کیلئے روانہ ہوگا اور یورپ بھر سے امداد جمع کریگا، عامر خان اکٹھی ہونیوالی امداد ذاتی طورپر لیسبوس کے جزیرے پر موجود مہاجرین میں تقسیم کریں گے۔عامر خان کاکہناتھاکہ یہ قافلہ ہر ایک کیلئے کچھ کرنیکا بہترین موقع ہے جبکہ عامر خان فاؤنڈیشن نے غربت کیخلاف ’ایک پیسہ ‘ اپیل بھی کردی۔

(جاری ہے)

28سالہ عامر خان نے ترکی کے ساحل پر گزشتہ دنوں جاں بحق ہونیوالے بچے ایلان کردی کی ہلاکت کی تصویریں دیکھنے کے بعدگزشتہ روز اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بے سر و سامان مہاجروں کیلئے امداد کی اپیل کی،ا نکا کہنا تھا کہ ایک تین سالہ بچے کی ساحل پر لاش دل کو جھنجھوڑنیوالا منظر تھا۔

اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ بات یہ ہے کہ اگر بروقت دیگر متاثرین کی ہنگامی بنیادوں پر مدد نہ کی گئی تو مزید کئی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے ، ہمیں جرمنی سمیت مختلف ممالک سے پناہ گزینوں کیلئے ہونیوالے اقدامات کی خبریں مل رہی ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ برطانیہ میں لوگ بھی سخی اور اس سوچ کے حامل ہیں۔ایک پیسہ اپیل سے وابستہ عدیم یونس کاکہناتھاکہ کٹھن مراحل میں گزرنے کے بعد زندگی بچاکر ہرروز پناہ گزین یورپ کے ساحل پر پہنچتے ہیں اوران کے پاس پہنے کپڑوں کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا، لوگوں کو امیددینی چاہیے ، ہمیں عامر کیساتھ کام کرنے پر خوشی ہے۔

یاد رہے کہ عامر خان نے گزشتہ سال دسمبر میں پشاور کے آرمی پبلک سکول پر مسلح شدت پسندوں کے حملے کے بعد 24قیراط سونے کے دھاگے لگے شارٹس بھی عطیہ کیے تھے۔