آئی سی سی میچ ریفری روشن ماہنامہ نے سال کے آخر میں عہدہ چھوڑنیکا اعلان کر دیا

منگل 15 ستمبر 2015 12:03

آئی سی سی میچ ریفری روشن ماہنامہ نے سال کے آخر میں عہدہ چھوڑنیکا اعلان ..

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15ستمبر ۔2015ء ) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) کے میچ ریفری روشن ماہنامہ نے سال کے آخر میں اپنے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق روشن ماہنامہ نے اپنے معاہدے کے اختتام سے 6ماہ قبل ہی آئی سی سی میچ ریفریز کے ایلیٹ پینل سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے ،انہوں نے یہ فیصلہ اپنے خاندان کے ساتھ زیاد ہ سے زیادہ وقت گزارنے اور سری لنکا میں اپنے بزنس کو مزید بڑھانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔

روشن ماہنامہ نے 2004ء میں آئی سی سی ریفریز کے ایلیٹ پینل میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ اب تک 58ٹیسٹ ،222ون ڈے اور 35ٹی ٹونٹی میچز میں بطور میچ ریفری خدمات سرانجام دے چکے ہیں ۔ انہوں نے 3ورلڈ کپس اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2009ء میں بھی میچ ریفری کے فرائض سرانجام دے رکھے ہیں ۔

(جاری ہے)

49سالہ روشن ماہنامہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ گزشتہ 40سال سے ان کی زندگی کا ایک لازمی جزو بن چکی ہے اور وہ بطور کرکٹر ، کوچ اور میچ ریفری اس کھیل کے ساتھ جڑے رہے ہیں لیکن اب وقت آگیا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے اس حصے کو خیر آباد کہ کر اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت بتائیں جس نے ان کے لیے کافی قربانیاں دی ہیں ۔

روشن ماہنامہ نے 1986ء سے 1999 ء تک 52ٹیسٹ اور 213ون ڈے میچز میں سری لنکا کی نمائندگی کر رکھی ہے ،انہوں نے 4ورلڈ کپس میں بھی حصہ لیا اور 1996ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی سری لنکن ٹیم کا اہم رکن تھے ۔