وفاقی کابینہ نے کسانوں کیلئے زرعی ریلیف پیکج کی منظوری دیدی

منگل 15 ستمبر 2015 13:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) وفاقی کابینہ نے کسانوں کیلئے زرعی ریلیف پیکج کی منظوری دیدی‘ وزیراعظم نے کہا ہے کہ کسان کی خوشحالی ملکی ترقی کی ضامن ہے‘ کاشتکاروں کی فلاح کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے‘ کسانوں اور چھوٹے کاشتکاروں کو پورا حق دیا جائے گا‘ زراعت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ ریلیف پیکج کسانوں کی قسمت بدل دیگا۔

منگل کو وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں زرعی شعبے کے لئے ریلیف پیکج پر غور کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے زرعی ریلیف پیکج کی منظوری دیدی جس کے تحت کسانوں کو آسان شرائط پر زرعی قرضے دیئے جائیں گے۔ حکومت کسانوں کی فصلوں کی انشورنس بھی کرے گی ریلیف پیکج کے ذریعے کھادوں کی قیمتیں کم کی جائیں گی جبکہ کسانوں کو ٹیوب ویل پر سبسڈی بھی دی جائیگی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کسان کی خوشحالی ملکی ترقی کی ضامن ہے کاشتکاروں کو تباہ ہوتے نہیں دیکھ سکتا ملکی تاریخ کے سب سے بڑے زرعی ریلیف پیکج کا اعلان کررہے ہیں۔کاشتکاروں کی فلاح کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے‘ کسانوں اور چھوٹے کاشتکاروں کو پورا حق دیا جائے گا‘ زراعت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ ریلیف پیکج کسانوں کی قسمت بدل دیگا۔