نیلم جہلم منصوبے کا 73فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ‘ جون 2017 ء تک مکمل ہوجائے گا‘ جنرل (ر )محمد زبیر

منگل 15 ستمبر 2015 13:40

نیلم جہلم منصوبے کا 73فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ‘ جون 2017 ء تک مکمل ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) نیلم جہلم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر جنرل (ر )محمد زبیر نے کہا ہے کہ 73 فیصد پراجیکٹ کا تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے‘ جون 2017 ء تک پراجیکٹ مکمل ہوجائے گا‘ نئے پی سی ون کے مطابق پراجیکٹ پر 414 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ اب تک 168 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ اس ملک کا اہم ترین توانائی کا منصوبہ ہے جس کا 73 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے۔ پراجیکٹ کا افتتاح جون 2017 ء میں کیا جائے گا۔ اس سے قبل دسمبر 2016 ء کی تاریخ افتتاح کیلئے دی گئی تھی لیکن سائیٹ پر حادثے کی وجہ سے پراجکیٹ چھ ماہ تاخیر کا شکار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانفارمر ہال 82 فیصد مکمل ہوچکاہے جس میں کل 13 ٹرانسفارمر لگنے ہیں چھ ٹرانسفارمر سائیٹ پر پہنچ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اکتوبر میں یہ چھ ٹرانسفارمر لگا دیئے جائیں گے۔ ٹرانسفارمر ہال کی چھت پر پانچ ٹن ٹیسٹڈ ریل لائن بچھائی جاچکی ہے۔ تین سوئچ یارڈ جو کہ 275 میٹر تھے ان میں سے 166 میٹر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔

ڈیم شیڈول کے مطابق چل رہا ہے جس پر تین ہائیڈرولک گیٹ لگنے ہیں ان میں ایک ہائیڈرولک گیٹ لگا دیا گیا ہے۔ باقی دو گیٹ اکتوبر سے دسمبرتک لگا دیئے جائیں گے۔

ڈیم میں ڈیری چینل پر کام ہورہاہے۔ جس میں سات سو میٹر کا فاصلہ رہ گیا ہے جو جنوری میں مکمل ہوجائے گا۔ ڈیم کیلئے دریائے جہلم کے نیچے سے کنکریٹ لائن جو کہ چوبیس کلومیٹر ہے ڈالی گئی ہے جس میں تیرہ کلومیٹر لائن پر کام مکمل ہوچکاہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹنل بورنگ مشین پر چھ سو ستانوے ملین لاگت آئی جس پر ساتھ فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ٹنل بورنگ مشین کے حادثے کی وجہ سے کام بندکیا گیا تھا 54 فیصد پراگریس مکمل ہوچکی ہے جس کے سپیئر پارٹس جرمنی سے منگوائے گئے ہیں۔

ڈھائی ماہ میں یہ مشین دوبارہ اپنی اصلی حالت میں چل جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آج کی تاریخ تک 168 ارب روپے پراجیکٹ پر خرچ ہوچکے ہیں پراجیکٹ 73.3 فیصد مکمل ہوچکا ہے اگلے دو ماہ میں چائنہ ایگزم بینک اور نیشنل بینک قرضہ دے گا۔ نیشنل بینک 80 ارب روپے کا قرضہ فراہم کرے گا۔ جبکہ چائنہ ایگزم بینک اگلے دو ماہ میں 576 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ اس پراجیکٹ پر 1368 چائنیز انجینیئرز کام کررہے ہیں جبکہ 150 پراجیکٹ انجینیئر امریکہ ‘ آسٹریلیا ‘ وسطی ایشیاء اور دیگر ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ پرکام ایک دن کی بھی تاخیر نہیں کی گئی یہ پراجیکٹ اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ چل رہا ہے اور حکومت کی سنجیدگی کی وجہ سے یہ پراجیکٹ جون 2017 ء میں مکمل ہوجائے گا۔