ڈیوس کپ ٹینس ایشیا اوشیانا زون ٹو فائنل، اعصام الحق نے امریکہ سے براہ راست ترکی میں ٹیم کو جوائن کرلیا ، تائیوان سے مقابلے کیلئے ٹیم پہلے ہی پہنچ چکی ہے

منگل 15 ستمبر 2015 13:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اعصام الحق نے ڈیوس کپ ٹینس ایشیا اوشیانا زون ٹو فائنل کھیلنے کے لیے امریکہ سے براہ راست ٹیم کو ترکی میں جوائن کرلیا ہے۔ پاکستان نے نو سال بعد ریجن کے زون ٹو فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ ازمیر کے نیوٹرل وینیو پر اٹھارہ سے بیس ستمبر تک پاکستان کا مقابلہ تائیوان سے ہوگا۔

پاکستان ٹینس ٹیم ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا زون ٹو فائنل ٹائی میں تائیوان سے مقابلے کے لیے پہلے ہی ترکی میں موجود ہے ۔ پاکستان ٹیم نے دو ہزار چھ کے بعد پہلی بار ریجنل زون ٹو فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے جس میں فتح کی صورت میں پاکستان دو ہزار سولہ میں چودہ سال بعد زون ون میں کھیلے گی۔بیسٹ آف فائیو پر مبنی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ تائیوان سے ہوگا۔

(جاری ہے)

اعصام الحق یو ایس اوپن میں شرکت کے باعث ٹیم کے ساتھ روانہ نہ ہوسکے تھے مگر اب انہوں نے ترکی میں اپنی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے ۔ پاکستان اور تائیوان کے درمیان فائنل ٹائی کے میچز ازمیر کے ہارڈ کورٹ پر اٹھارہ سے بیس ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔ پاکستانی ٹیم نمبر ون عقیل خان، عابد اکبر اور نان پلیئنگ کپتان حمید الحق اعصام الحق قریشی اور سمیر افتخار ازمیر پر مشتمل ہے ۔پاکستانی کھلاڑی ایک ہفتے قبل کورٹ اور موسم سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ترکی گئے ہیں جہاں وہ مقامی کھلاڑیوں سے پریکٹس میچز بھی کھیلیں گے۔