طاقتور اداروں کی دیگر اداروں کی حدود میں دخل اندازی اچھا شگون نہیں، آصف زرداری

منگل 15 ستمبر 2015 14:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ طاقتور اداروں کی دیگر اداروں کی حدود میں دخل اندازی اچھا شگون نہیں ہے، اس لئے تمام ادارے آئین میں دی گئی حدود کے اندر رہ کر کام کریں۔

(جاری ہے)

جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف جنگ کرنی چاہیے،مسائل سے نمٹنے وقت آئینی حدود اور اختیارات کے اندر رہنا چاہیے، تمام ادارے آئین میں دی گئی حدود کے اندر رہ کر کام کریں، طاقتور اداروں کی دیگر اداروں کی حدود میں دخل اندازی اچھا شگون نہیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ جمہوریت انتخابات منعقد کروا کر اقتدار منتقل کرنے کا نام ہی نہیں بلکہ آئین کی حدود کا احترام، شفاف احتساب اور مخالفین کی رائے کا احترام جمہوریت ہے۔ جمہوریت کے دشمن مختلف لبادہ اوڑھ کر سامنے آتے ہیں، اس لئے عوام کو جمہوریت کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا جانا چاہیے،اس کے علاوہ دہشت گرد اور انتہاپسند ذہنیت سے بھی جمہوریت کو خبردار رہنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :