چوہدری عبدالمجید سے امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر عبدالرشید ترابی کی ملاقات

منگل 15 ستمبر 2015 17:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید سے یہاں امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر عبدالرشید ترابی نے ملاقات کی۔ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کے مسلم تشخص کے خلاف بھارتی سازشوں ایل او سی (ورکنگ باؤنڈری) پر بھارتی گولہ باری اور مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم پر بات چیت کی گئی۔

امیر جماعت اسلامی نے وزیراعظم آزادکشمیر کو امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی طر ف سے 17ستمبر کو وزیراعظم آزادکشمیر اور کشمیری قیادت کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ میں شرکت کی دعوت دی گئی جو وزیراعظم نے قبول کرتے ہوئے شرکت پر آمادگی ظاہر کی۔اس استقبالیہ میں کشمیر ایشو اور ملکی معاملات میں مشاورت ہوگی۔ وزیراعظم نے اس موقع پرامیر جماعت اسلامی سے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلم تشخص کے خلاف بھارتی سازشوں کے خلاف دی جانے والی 16ستمبر کی احتجاج کی کال پر سول سوسائٹی بھرپور طریقے سے شرکت کرے۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر نے وزیراعظم آزدکشمیر سے ہونے والی ملاقات میں کشمیر کو آرڈینیشن کونسل کو مزید متحرک اور فعال بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی امیر جماعت اسلامی آزادکشمیرنے اپنے دورہ برطانیہ کے حوالے سے وزیراعظم آزادکشمیر کو کشمیر کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا ۔