قبائلی علاقوں سمیت ملک کے تمام علاقے دہشتگردوں سے خالی کرالیے ،صدرممنون

آئندہ چند ماہ میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں آجائے گی جو پاکستان، خطے کے ممالک اور تمام اسلامی ملکوں کے لیے سازگار ہوگی پاکستان اور اسلامی ملکوں کے درمیان تجارت 19 ارب ڈالر سالانہ ہے جس میں اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،مشرق وسطیٰکے سفیروں سے گفتگو

منگل 15 ستمبر 2015 17:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی کے ساتھ حتمی مراحل کی طرف گامزن ہے۔ قبائلی علاقوں سمیت ملک کے تمام علاقے دہشتگردوں سے خالی کرالیے گئے ہیں اور آئندہ چند ماہ کے دوران صورتحال مکمل طور پر قابو میں آجائے گی جو پاکستان، خطے کے ممالک اور تمام اسلامی ملکوں کے لیے بہت سازگار ہوگی۔

انھوں نے یہ بات مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جنھیں ایوان صدر میں ظہرانے پر مدعو کیا گیا تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی ممالک سے تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے اور پاکستان چاہتا ہے کہ اسلامی ممالک کی مختلف شعبوں میں مہارت سے ایک دوسرے کو فائدہ پہنچنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پاکستان برادر اسلامی ملکوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اور اسلامی ملکوں کے درمیان تجارت اس وقت 19 ارب ڈالر سالانہ ہے جو صلاحیت سے کہیں کم ہے جس میں اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے اسلامی ملکوں کے درمیان تاجروں اور صنعت کاروں کے وفود کے تبادلے ہوتے رہنے چاہیں۔صدر مملکت نے بتایا کہ نومبر میں اسلام آباد میں اسلامی کانفرنس تنظیم کے زیر اہتمام اسلامی ملکوں کی سربراہ کانفرنس منعقد ہوگی جس میں اسلامی دنیا میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ کی تجاویز پر غور کرنے کے علاوہ مسلم ممالک کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی دنیا کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مسلم ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے اور دنیا پر واضح کرنا چاہیے کہ مسلمان امن پسند لوگ ہیں جو اپنے اور پوری دنیا کے لیے امن کے خواہش مند ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ فلسطینی اور کشمیر عوام اپنے جائز حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور ہم ان کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے مسائل کے حل کے لیے پاکستان سفارتی اور سیاسی کوششیں جاری رکھے گا۔`

متعلقہ عنوان :