چیئرمین کشمیر کونسل وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے مستقل چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی تقرری پر سیاسی جماعتوں میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ،منظوری کے باوجود نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا

منگل 15 ستمبر 2015 17:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) چیئرمین کشمیر کونسل وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے مستقل چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیرکی تقرری پر سیاسی جماعتوں میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ۔ منظوری کے باوجود نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا ۔ سیاسی جماعتوں نے جسٹس ریٹائرڈ چوہدری منیر احمد کی تقرری کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذمہ دار ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے کہ آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان کی جانب سے وزیراعظم میاں نواز شریف کو ایک سمری ارسال کی گئی تھی جس میں تین ریٹائرڈ ججوں کے نام شامل تھے جس میں سے وزیراعظم نواز شریف نے مستقل چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے جسٹس ریٹائرڈ چوہدری منیر احمد کے نام کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے تاہم یہ تنازعہ اس وقت شدت اختیار کرگیا جب آزاد کشمیر کی اپوزیشن جماعتوں نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے مشاورت نہیں کی گئی ان جماعتوں میں پاکستان تحریک انصاف ، جموں کشمیر پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی ، مسلم کانفرنس جیسی بڑی سیاسی جماعتیں شامل ہیں ۔

وفاق کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کی منظوری کو پانچ دن گزر چکے ہیں جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوسکا ہے ۔