یوایس ایڈ کی جانب سے 220کے وی گرڈ سٹیشن مردان کیلئے 2ٹرانسفارمرز این ٹی ڈی سی کے حوالے

امریکی حکومت کو پاکستان میں بجلی کی پیداوار بڑھانے ، ٹرانسمیشن اور بجلی کی تقسیم میں بہتری لانے پر فخر ہے‘ جان گرو آرک امریکہ نے ست پارہ اور گومل زام ڈیموں کو مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ تربیلا اور منگلا پاور ہاؤسز ، گدو تھرمل پاور، جامشور تھرمل پاور اور مظفرگڑھ تھرمل پاور ہاؤسز کی بحالی کا کام بھی مکمل کیا ہے ‘ مشن ڈائریکٹر یو ایس ایڈ کا خطاب

منگل 15 ستمبر 2015 18:19

اسلام آباد/لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) یوایس ایڈ کے پاکستان کیلئے مشن ڈائریکٹر جان گروآرک نے این ٹی ڈی سی کے 220کے وی گرڈ سٹیشن مردان کیلئے 250ایم وی اے استعداد کے حامل 2نئے ٹرانسفارمرزکا افتتاح کردیا ۔ اس سلسلے میں 500کے وی گرڈ سٹیشن روات میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو لائیو لائن واشنگ آلات اور گاڑیاں بھی فراہم کی گئیں ۔

امریکی حکومت نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی ایل) کو اس کا نیٹ ورک اپ گریڈ کرنے کیلئے مدد فراہم کررہی ہے تاکہ پاکستان کی بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور طلب کو پورا کیا جاسکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشن ڈائریکٹر جان گروآرک نے کہا کہ امریکی حکومت کو پاکستان میں بجلی کی پیداوار بڑھانے ، ٹرانسمیشن اور بجلی کی تقسیم میں بہتری لانے پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے 500کے وی گرڈ سٹیشن روات کا دورہ بھی کیا جہاں ایم ڈی این ٹی ڈی سی نے بریفنگ دی۔انہیں لائیو لائن واشنگ کے آلات اور گاڑیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔یوایس ایڈ نے لیسکو، کیسکو، میپکواور سیپکو کے عملے کو لائیو لائن واشنگ کی تربیت اور گاڑیاں بھی فراہم کیں۔حکومت پاکستان عوام کیلئے بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے سرتوڑ کوششیں کررہی ہے اور این ٹی ڈی سی کو یوایس ایڈ کی جانب سے مالی معاونت اس کی ایک بہترین مثال ہے ۔

امریکہ نے ست پارہ اور گومل زام ڈیموں کو مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ تربیلا اور منگلا پاور ہاؤسز ، گدو تھرمل پاور، جامشور تھرمل پاور اور مظفرگڑھ تھرمل پاور ہاؤسز کی بحالی کا کام بھی مکمل کیا ہے ۔منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی ایل انجینئرمحمد ارشد چودھری نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہاکہ یو ایس ایڈ پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر عوام کیلئے معاشی اور سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے ۔

انہوں نے این ٹی ڈی سی کے متعدد منصوبوں کیلئے مدد فراہم کرنے پر یو ایس ایڈ کا شکریہ ادا کیا خصوصاً اہم آلات کی فراہمی ، سٹریٹجک بزنس پلان، ٹرانسمیشن لائنز کی تعمیر کیلئے فنڈز کی فراہمی ، ونڈ پاورپلانٹس سے بجلی کی ترسیل کے منصوبے قابل ذکر ہیں ۔ انجینئر محمد ارشد چودھری نے کہا کہ250ایم وی اے کے2نئے ٹرانسفارمرز اور ایک 160ایم وی اے کے ٹرانسفارمر کی مرمت سے این ٹی ڈی سی ایل کی استعداد میں 660ایم وی اے کا اضافہ ہوگا اور صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مردان اور دیگر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا اور وولٹیج کی کمی کا مسئلہ ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :