وزیراعظم سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ،ایم کیوایم کے استعفوں سمیت دیگر امو پر بات چیت

حکومت سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، ایم کیوایم کے ارکان کو استعفے واپس لے کر پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ، وزیراعظم کی جے یو آئی (ف) کے سربراہ سے ملاقات میں گفتگو

منگل 15 ستمبر 2015 20:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف سے جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے اموراور قومی معاملات پر بات چیت کی گئی۔ منگل کو وزیراعظم نواز شریف سے مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال ، باہمی دلچسپی کے امور اور قومی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایم کیو ایم کے ارکان کے استعفوں کے معاملے پر بات چیت کی گئی جس دوران وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان استعفے واپس لے لیں اور پارلیمنٹ میں آکر اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ تمام جماعتیں پارلیمنٹ میں ہی رہ کر اپنا کردار ادا کریں تا کہ جمہوریت مزید مضبوط ہو۔ وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان سے کہا کہ ایم کیو ایم کے ارکان کو منانے کیلئے کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔