قائم مقام سپیکر سے ہنگری میں تعینات پاکستانی سفیر کی ملاقات

پاکستان کی پارلیمان پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے دوست ممالک کے ساتھ روابط کو فروغ دینے پر یقین رکھتی ہے،مرتضیٰ جاوید عباسی

منگل 15 ستمبر 2015 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) ہنگری میں تعینات پاکستانی سفیر سائرس قاضی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک ہنگری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے دوست ممالک کے ساتھ روابط کو فروغ دینے پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں پاکستان ہنگری پارلیمانی فرینڈشپ گروپ تشکیل دیا گیاہے جو دونوں ممالک کی پارلیمانوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے سفیرکو ہنگری کے ارکان پارلیمان کا ان کے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ رابطوں کو فروغ دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے کہا۔

(جاری ہے)

قائم مقام سپیکر نے کہا کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کو یوروپین یونین میں تجارتی ترجیحات اور جی ایس پی پلس درجہ دلانے میں اہم کردار ادا کرنے پر ہنگری کی کاوشوں کو سراہا۔پاکستان کے ہنگری میں تعینات سفیر نے قائم مقام سپیکر کو یقین دلایا کہ وہ ہنگری میں اپنی تعیناتی کے دوران پاکستان اور ہنگری کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبہ جات اور تجارت کو مزید فروغ دینے کے لئے بھرپور کوششیں کریں گے۔

بعد ازاں قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اشرف نے بھی قائم مقام سپیکر سے ملاقات کی۔ قائم مقام سپیکر نے ان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے فروغ کے لئے پر عزم ہے جس کے لئے موجودہ سال کے بجٹ میں خطیر فنڈز مختص کئے ہیں۔ قائم مقام سپیکر نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی نئی جہتوں سے نئی نسل کو روشناس کئے بغیر عصر حاضر سے نبرد آزما ہونا ممکن نہیں۔

انہوں نے ملک کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے قائد اعظم یونیورسٹی کے کردار کو سراہا۔وائس چانسلر نے قائم مقام سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یونیورسٹی میں ہونے والی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء کو جدید علوم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے آئی ٹی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور بہترین تحقیقی مقالوں کے ذریعے طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :