آسٹریلیا سے آئندہ ٹیسٹ سیریز جیتنے کا نادر موقع ہے ، مشفیق الرحیم

بدھ 16 ستمبر 2015 12:00

آسٹریلیا سے آئندہ ٹیسٹ سیریز جیتنے کا نادر موقع ہے ، مشفیق الرحیم

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء) بنگلہ دیش کے کپتان مشفیق الرحیم نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی نسبتاً ناتجربہ ٹیم کے پیش نظر ہمارے پاس آئندہ ٹیسٹ سیریز میں انہیں ہرانے کا نادر موقع ہے۔، اگر آسٹریلین ٹیم میں تجربہ اور بڑے کھلاڑی شامل ہوتے تو بھی بنگلہ دیش ان کیلئے ترنوالہ ثابت نہیں ہوتی لیکن اب ہمارے پاس جیتنے کا بہت اچھا موقع ہے۔

انہوں نے ڈھاکا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال میں ہمیں آسٹریلیا کو ہرانے کا اس سے اچھا موقع نہیں گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 9-13 اکتوبر تک چٹاگانگ جبکہ دوسرا 17-21 اکتوبر تک ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔اس موقع پر انہوں نے پاکستان، جنوبی افریقہ اور ہندوستان کے خلاف حال ہی میں اپنی سرزمین پر ایک روزہ میچوں کی سیریز میں حاصل ہونے والی فتوحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اچھی اور مستقل مزاجی کے ساتھ کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہماری حالیہ فتوحات کی بھی یہی وجہ ہے۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیشی کپتان نے امید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم ایک روزہ میچوں کی کارکردگی کو ٹیسٹ میچوں میں بھی دہرا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم جس طرز کی کرکٹ کھیل رہے ہیں، اگر ہم اپنی تمام تر صلاحیتوں کے مطابق کھیلے تو فتح ناممکن نہیں۔مشفیق نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ یقیناً ایک روزہ کرکٹ سے مختلف ہے لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں۔واضح رہے کہ ایشز سیریز سے اب تک سابق کپتان مائیکل کلارک، بریڈ ہیڈن، کرس راجرز، ریان ہیرس اور شین واٹسن کی جانب سے یکے بعد دیگرے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد دورہ بنگلہ دیش کیلئے اعلان کردہ آسٹریلین ٹیم نسبتاً ناتجربہ دستے کا منظر پیش کر رہی ہے جس میں اینڈریو فکیٹے اور کیمرون بین کرافٹ جیسے دو بالکل نئے چہرے بھی شامل ہیں۔

آسٹریلین ٹیم 28 ستمبر کو بنگلہ دیش پہنچے گی جہاں وہ دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔