قومی ٹی ٹونٹی : تھکا دینے والے شیڈول نے کرکٹرز کو مشکلات میں ڈالے رکھا

بدھ 16 ستمبر 2015 16:13

قومی ٹی ٹونٹی : تھکا دینے والے شیڈول نے کرکٹرز کو مشکلات میں ڈالے رکھا

راول پنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار16ستمبر ۔2015ء ) قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے مصروف اور تھکا دینے والے شیڈول نے کرکٹرز کو مشکلات سے دوچار رکھا ۔ کراچی بلیوز کی ٹیم سب سے زیادہ متاثر ہوئی جس نے ایک ہفتے کوالی فائنگ اور دوسرے ہفتے مین راونڈ کھیلا ۔ کراچی کو 15 دن میں 11 ٹونٹی میچ کھیلنا پڑے ۔ سابق کپتان اور سنیئر بیٹسمین یونس خان نے ٹورنامنٹ میں ایبٹ آباد کی نمائندگی کی ۔

یونس خان نے بھی ٹورنامنٹ کے شیڈول پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم کو 6 دن میں 5 میچ کھیلنا پڑے ۔

(جاری ہے)

یہ شیڈول کھلاڑیوں کے لئے بہتر نہیں ہے ۔ انہوں نے پی سی بی کو تجویز دی کہ ٹورنامنٹ کو پرکشش بنانے کے لئے اس کا شیڈول 1 سال پہلے بنایا جائے اور کھلاڑیوں کے آرام کو بھی مدنظر رکھا جائے ۔ کراچی کے آل رائونڈر انور علی سیمی فائنل میں ان فٹ ہوگئے تاہم انہیں پین کلر دے کر فائنل میں کھلایا گیا ۔ فاسٹ باولر محمد سمیع پہلے ہی ان فٹ ہیں ۔ آل راونڈر انور علی کے ان فٹ ہونے کے بعد کراچی سے فائنل کے لئے سلمان زیب کو طلب کیا گیا انہوں نے میچ میں حصہ لیا البتہ انور علی نے میچ سے پہلے فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا اور ٹیم کا حصہ بنے ۔