وزیر اعظم کرپشن کی تحقیقات کرائیں ورنہ آرمی چیف کے پاس جاؤں گا : محسن خان

جمعہ 18 ستمبر 2015 11:39

وزیر اعظم کرپشن کی تحقیقات کرائیں ورنہ آرمی چیف کے پاس جاؤں گا : محسن ..

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18ستمبر ۔2015ء ) سابق کرکٹ سٹار اور کوچ محسن حسن خان نے وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں جاری کرپشن کی تحقیقات کرائیں ورنہ وہ آرمی چیف راحیل شریف کے پاس جا ئیں گے ۔ پریس کانفرنس میں سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خان نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی بد عنوانیوں کے باعث کرکٹ داؤ پر لگ گئی ہے ، جسٹس قیوم کی رپورٹ میں داغ دار قرار دئیے جانے والے افراد کو آج کرکٹ کا سفیر بنا دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

محمد آصف، سلمان بٹ اور محمد عامر نے ملکی وقار کو نقصان پہنچایا ہے اس لیے ان پر زندگی بھر کے لئے پابندی عائد کی جانی چاہئے ۔ قومی ٹیم کے سابق کوچ محسن حسن خان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ میں سات آٹھ لوگوں نے اجارہ داری قائم کی ہوئی ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ کرکٹ بورڈ میں جاری کرپشن کی تحقیقات کرائیں، اگر ایسا نہ ہوا وہ خود آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے پاس جائیں گے ۔ محسن حسن خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کو ملک سے باہر کروانا سمجھ سے بالاتر ہے ۔ یو اے ای نہ مانا تو جدہ کی منتیں کی گئیں ۔ بھارت کو بار بار کرکٹ کے لئے خط لکھنا پاکستانیوں کی توہین کے مترادف ہے ۔