جونیئر انوی ٹیشنل انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ : قومی جونیئر ٹیم کے دوروزہ ٹرائلز ہفتے سے اسلام آباد میں شروع ہونگے

جمعہ 18 ستمبر 2015 12:39

جونیئر انوی ٹیشنل انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ : قومی جونیئر ٹیم کے دوروزہ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر۔2015ء) ملائشیا میں آئندہ ماہ کھیلے جانیوالے جوہر جونیئر انوی ٹیشنل انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے دوروزہ ٹرائلز آج اسلام آباد میں شروع ہونگے جبکہ ایونٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھار ت کیخلاف 11اکتوبر کو کھیلے گا ۔ تفصیلات کے مطابق نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں ہونیوالے ٹرائلز عبد الرشید جونیئر کی سربراہی میں چار رکنی سلیکشن کمیٹی لے گی جس کے ممبران میں سعید خان ، وسیم فیروزاور فرحت خان شامل جبکہ طاہر زمان ٹیم کوچ اور منصور احمد جونیئر ٹیم کے گول کیپر کوچ کے ہمراہ کی حیثیت سے موجود ہونگے ۔

ایونٹ 11سے18اکتوبر تک ملائشیا میں کھیلا جائیگا جس میں بھارت ، آسٹریلیا ، ارجنٹائن ، ملائیشیا ، پاکستان اورانگلینڈ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قومی جونیئر ٹیم کے کوچ طاہر زمان کا کہنا تھا کہ دو روزہ ٹرائلز میں ملک بھر سے 55کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جس میں سے 25کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 11اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گی ، 12اکتوبر کو گرین شرٹس آسٹریلیا ، 14اکتوبر کو ارجنٹائن ، 15اکتوبر کو انگلینڈ اور 17اکتوبر کو میزبان ملائیشا کیخلاف مدمقابل ہو گی ۔

اولمپین منصور احمد کی جونیئر ہاکی ٹیم کیلئے گول کیپنگ کوچ کی تقرری کے حوالے سے طاہر زمان کا کہنا تھا کہ منصور احمد اپنے دور کے بہترین گول کیپر تھے اور جونیئر گول کیپرز کو ٹرئیننگ دینا ایک مثبت اقدام ہے اور امید ہے کہ وہ باصلاحیت گول کیپرز کو متعارف کروائینگے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ جونیئر ٹیم کے گول کیپرز کے چناؤ کیلئے منصور احمد کی سفارشات کو بھی اہمیت دی جائے گی اور ان کی سفارشات سلیکشن کمیٹی کے سامنے بھی رکھی جائے گی ۔